کامیاب طلبا میں انعامات کی تقسیم ۔ جماعت اسلامی کے ذمہ داران کا خطاب
عادل آباد : 22/اکتوبر (پریس نوٹ)
جماعت اسلامی ہند عادل آباد شعبہ خواتین کے زیر اہتمام 14 سال سے کم عمر کے بچوں کی فعال تنظیم سی آئی او ( چلڈرنس اسلامک آرگنائزیشن ) کے لئے ” اخلاقی محاسن – آزادی کے ضامن " مہم اور سیرت النبیؐ مہم کے تحت سنٹرل گارڈن فنکشن ہال عادل آباد میں ایک پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔
اس سے پہلے طلباء میں مختلف سطح پر مقابلہ جات منعقد کئے گئے تھے جن میں تقریر ،ڈرائنگ ، کوئز وغیرہ شامل ہیں – شہر کی سطح پر منعقد ہونے والے ان مقابلہ جات کے انعامات کی تقسیم اس جلسہ میں عمل میں آئی ۔

اس تقریب میں 400 سے زائد طلباء اور انکے والدین نے شرکت کی ۔ پروگرام کا مقصد بچوں میں دین کی سمجھ اور دین کا صحیح شعور پیدا کرنا ہے بچوں کی اصلاح و تربیت کے لئے اور انکی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے سی آئی او کے تحت مختلف سر گرمیاں انجام دی جاتی ہے ۔
اس جلسہ کا آغاز قرات کلام سے ہوا ۔ بعد ازاں بچوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ پیش کیا ، سوره نور کی آیات پر ایک پر اثر ڈرامہ پیش کیا گیا۔ اسکے علاوہ پردے کی اہمیت ، مغربی تہذیب ، اچھے اخلاق جیسے موضوعات پر ڈرامے پیش کئے گئے ۔
اللّه کے رسول ﷺ کی زندگی کے مختلف پہلووں پر محیط پیش کش بھی حاضرین کے سامنے لائی گئی ۔ رسول ﷺ کا بچوں کے ساتھ سلوک کے عنوان پر عظیم الدین فلاحی امیر مقامی جماعت اسلامی ہند عادل آباد نے خطاب کیا ۔

اسکے بعد سوشل میڈیا اور والدین کی ذمہ داری کے عنوان پر ڈاکٹر محمد ندیم ارشد ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند عادل آباد نے مخاطب کیا ۔
بعد ازاں سوال و جواب کا سیشن رکھا گیا تھا جس میں محترمہ ارشاد ضیاء بانو صاحبہ ضلعی ناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند عادل آباد نے سامعین کے سوالات کے جوابات دئیے۔
اس پروگرام میں سی آئی او عادل آباد انچارج تسلیم تبسم کے علاوہ جماعت اسلامی ہند عادل کے ارکان کارکنان ايس آئی او ، جی آئی او کے ممبران کے علاوہ کثیر تعداد میں اولیا طلبہ موجود تھے ۔ آخر میں انعامات کی تقسیم کے ساتھ پروگرام کا اختتام عمل میں لایا گیا۔

