اقلیتی اقامتی اسکولس و کالجز میں داخلوں کا آغاز

ضلع اقلیتی بہبود آفیسر عادل آباد راتھوڑ رمیش کی پریس کانفرنس

معیاری تعلیم کے ساتھ مفت قیام و طعام کی سہولت، طلبہ کی رہنمائی کرنے اقلیتی قائدین و علماء سے اپیل

عادل آباد :18؍ جنوری ( اپنا وطن نیوز)

ضلع اقلیتی بہبود آفیسر عادل آباد مسٹر راتھوڑ رمیش کے بموجب تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکولس و کالجس میں تعلیمی سال 25- 2024 کیلئے داخلوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔

ٹمریز کی ویب سائٹ tmreistelangana.cgg.gov.in یا گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ شدہ ٹمریز کے فون ایپ پر جماعت پنجم اور انٹرمیڈیٹ سال اول میں راست  داخلے اور جماعت ششم VI ، ہفتم VII اور ہشتم VIII کے مخلوعہ نشستوں پر مفت آن لائن درخواستیں طلب کی جارہی ہیں اوراس کی آخری تاریخ 6؍ فروری مقرر کی گئی ہے ۔

انہوں نے آج ریجنل لیول کو آرڈنیٹر عادل آباد سید روحیل احمد کے ہمراہ دفتر ضلع اقلیتی بہبود عادل آباد پر منعقدہ صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے مزید بتایا کہ ضلع عادل آباد میں ٹمریز کے تحت 6 اسکولس و کالجس قائم ہیں جن میں معیاری مفت تعلیم ،  مفت قیام اور طعام کا معقول انتظام ہے ۔

 

سید روحیل احمد ریجنل لیول کوآرڈنیٹر ( آر ایل سی ) عادل آباد نے اس موقع پر کہا کہ ضلع عادل آباد میں لڑکوں کیلئے 4 اسکولس و کالجس اور لڑکیوں کیلئے 2 اسکولس و کالجس میں داخلے جاری ہیں ۔

ان اداروں میں داخلے تعلیمی سال  25- 2024 کیلئے جماعت پنجم اور دیگر جماعتوں میں بغیر انٹرنس ٹسٹ کے اقلیتی طلباء کو پہلے آؤ پہلے پاؤ  کی بنیاد پر داخلہ دیا جائیگااور دیگر طبقات ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور او سی کیلئے قرعہ اندازی کے ذریعہ داخلہ ہوگا۔

جبکہ انٹرمیڈیٹ سال اول 25- 2024 کیلئے ایس ایس سی کے مارکس ؍ گریڈ میرٹ کی بنیاد پر داخلہ دیا جائے گا۔

انھوں نے بتایا کہ ضلع عادل آباد میں قائم 6 اسکولس میں جماعت پنجم کے تحت جملہ 280 نشستیں مخلوعہ ہیں جن میں اقلیتی طلبا و طالبات کے لئے 210 نشستیں جبکہ غیر اقلیتی طلبا و طالبات کے لئے 70 نشستیں مخلوعہ ہیں۔

اسی طرح 6 کالجس میں انٹر سال اول کے تحت جملہ 240  نشستیں مخلوعہ ہیں جن میں اقلیتی طلبا کے لئے 180 نشستیں اور غیر اقلیتی طلبا کے لئے 60 نشستیں محفوظ ہیں۔

مستقر عادل آباد میں قائم جونئیر کالج (بوائز ) اور (گرلز ) میں  ایم پی سی اور بی پی سی گروپس قائم ہیں جبکہ بوتھ ( ایچوڑہ) جونئر کالج (بوائز) اور اوٹنور جونئر کالج (بوائز ) میں سی ای سی اور ایچ ای سی گروپس کے لئے داخلے جاری ہیں۔

انھوں نے ٹمریز کے اداروں میں داخلے کیلئے اولیائے طلباء ، اقلیتی قائدین اور علماء حضرات سے اپیل کی  کہ خواہشمند و مستحق طلباء کی رہنمائی کریں تاکہ حکومت کی اس اسکیم سے استفادہ کرسکیں ۔

داخلوں کے ضمن میں مزید تفصیلات کیلئے ہیلپ لائن نمبر 23437909 -040 یا ٹمریز کے کسی بھی اسکول و کالج پرنسپل یا ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر یا آر ایل سی سے ربط قائم کرسکتے ہیں۔

پریس کانفرنس میں مذکورہ اسکولس و کالجس کے پرنسپالس یونس سلیم (ایچوڑہ بوائز اسکول و کالج)، ہدایت اللہ حسین (جونئر کالج بوائز 1 اور 2) عادل آباد، محمد آصف (بوائز 1 عادل آباد)، وینکٹا پرساد ( اوٹنور بوائز اسکول)، ونیتا (اوٹنور بوائز جونئر کالج)،فہمیدہ تنویر ( عادل آباد گرلز 1 اسکول و کالج)، پلوی ( عادل آباد گرلز 2 اسکول و کالج)، جاڈی تروپتی (بوائز 2 اسکول عادل آباد ) بھی موجود تھے۔