وزیر اعظم کا فساد زدہ منی پور کا دورہ نہ کرنا قابل مذمت۔سید ساجد الدین
عادل آباد : 23 ؍ (اپنا وطن نیوز ؍ جلیل احمد خان)
سابق ٹاؤن صدر بی آر ایس پارٹی عادل آباد مسٹر سید ساجد الدین نے حالیہ دنوں ریاست منی پور میں پیش آئے واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ڈبل انجن حکومت کی ناکامی قرار دیا۔
انھوں نے آج مستقر عادل آباد کے پریس کلب میں منعقدہ صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ منی پور میں وحشت ناک فسادات کے باوجود بھی ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی کا فساد زدہ علاقہ کا دورہ نہ کرنا تعجب خیز ہے۔
مسٹر ساجد الدین نے کہا کہ ملک کی سرحد پر خدمات انجام دینے والے سپاہیوں کے خاندان بھی آج محفوظ نہیں ہے۔ جس طرح منی پور میں ایک سپاہی کی بیوی کی سر عام برہنہ پریڈ کروائی گئی اس سے ملک کی عوام میں زبردست غصہ پایا جاتا ہے۔
ایک ایسا سپاہی جس نے کارگل کی جنگ میں ہندوستانی سرحد کی حفاظت کی اور پاکستان کو شکست سے دوچار کرنے میں اپنا رول ادا کیا، ایسے سپاہی کے افراد خاندان کی عدم حفاظت ملک کے لئے کسی داغ سے کم نہیں ہے۔
انھوں نے منی پور واقعہ پر مرکزی وزیر و ریاستی صدر بی جے پی مسٹر کشن ریڈی کے لاتعلقی والے بیان پر طنز کستے ہوئے کہا کہ آیا کشن ریڈی ایک ریاست کی حد تک محدود وزیر ہیں یا سارے ملک کے لئے انھیں وزیر بنایا گیا ہے؟ انھوں نےفوری طور پر کشن ریڈی سے معافی کا مطالبہ کیا۔
پریس کانفرنس میں بی آر ایس پارٹی قائدین محمد سلیم پاشاہ، سید شاہد علی، انصار احمد، فیروز خان و دیگر موجود تھے ۔

