شارجہ : 24/ستمبر(ایجنسیز)
دبئی میں دنیا کی پہلی زیر آب مسجد کی تعمیر کا آغاز ہوگیا۔عرب میڈیا کے مطابق دنیا میں اپنی نوعیت کی پہلی زیر آب مسجد تین منزلوں پر مشتمل ہوگی۔
مسجد کی پہلی منزل مکمل طور پر زیر آب ہوگی جس میں نماز کے لئے جگہ مخصوص ہوگی۔ دوسری منزل پر کانفرنس ہال جبکہ تیسری منزل پر اسلامی فنون کی نمائش اور قرآن سنٹر قائم کیا جائے گا۔یہ مسجد پانی پر تیرتی رہے گی۔
رپورٹس کے مطابق زیر آب مسجد میں 50 سے 75 افراد نماز ادا کرسکیں گے اور اس کی تعمیر پر 55 ملین درہم لاگت آئے گی۔خواتین اور مردوں کے لئے علحدہ نماز ادا کرنے کے ہال ہوں گے۔
مسجد کی تعمیر آئندہ برس تک مکمل ہوجائے گی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مسجد کی تعمیر سے غیر ملکی سیاحوں میں اسلام کے بارے میں جاننے کا تجسس بڑھے گا اور مقامی لوگوں کو تفریح کا ایک منفرد ذریعہ بھی میسر آئے گا۔ جس سے حکومتی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔

