تلنگانہ میناریٹی فینانس کارپوریشن کی اسکیمات کے آغاز میں تاخیر!

حیدرآباد: 13/ڈسمبر (اپنا وطن نیوز)

وائس چیرمین و مینجنگ ڈائریکٹر ، تلنگانہ میناریٹی فینانس کارپوریشن (TGMFC) حیدر آباد کی جانب سے ایک پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ معزز چیرمین میناریٹی فینانس کارپوریشن حیدر آباد نے 9/ڈسمبر  2024 کو اپنے ایک پریس نوٹ کے ذریعہ مفت گھریلو سلائی مشینوں کے لئے 13/ڈسمبر تا 31/ڈسمبر آن لائن درخواستوں کی وصولی کا اعلان کیا تھا، تاہم چند ناگزیر وجوہات کی بنا اس اسکیم کے تحت آن لائن درخواستوں کی وصولی کو فی الحال موخر کیا جارہا ہے۔

مینیجنگ ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ درخواست فارمس کے آن لائن وصولی کی نئی تواریخ کا متعاقب اعلان کیا جائے گا۔

مینجنگ ڈائریکٹر فینانس کارپوریشن کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ


واضح ہو کہ چیرمین میناریٹی فینانس کارپوریشن محمد عبید اللہ کوتوال نے اس ماہ کی 9/تاریخ کو ایک پریس کانفرنس کے ذریعہ اقلیتی طبقہ کی خواتین کو با اختیار بنانے کی غرض سے میناریٹی فینانس کارپوریشن کی جانب سے تین نئی اسکیمات کے آغاز کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ اندما میناریٹی مہیلا یوجنا اور اندما مہیلا شکتی اسکیم کے تحت 13/ڈسمبر سے آن لائن طرز پر درخواستیں قبول کی جائیں گی۔

تاہم مینجنگ ڈائریکٹر میناریٹی فینانس کارپوریشن کی جانب سے جاری کردہ وضاحتی پریس نوٹ کے بعد ان اسکیمات کی عمل آوری میں تاخیر کا امکان ہے۔ 

دو علحدہ علحدہ پریس نوٹس کے بعد سمجھا جارہا ہے کہ چیرمین اقلیتی فینانس کارپوریشن اور ملازمین کارپوریشن کے مابین تال میل کی کمی ہے، جس کے باعث اعلان کردہ اسکیمات کے آغاز میں تاخیر ہورہی ہے۔