موٹر سیکل پر 80 فیصد، کار اور آٹو رکشا پر 60 فیصد کی چھوٹ
حیدر آباد : 22/ڈسمبر (اپنا وطن نیوز)
تلنگانہ حکومت نے مختلف گاڑیوں کے مالکان و ڈرائیورس کو خوشخبری سناتے ہوئے انھیں مہلت دی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کے اوپر موجود زیر التوا ٹریفک پولیس چالانات کو 26/ڈسمبر تا 10/جنوری کے درمیان ادا کریں جس کے دوران انھیں بھاری چھوٹ دی گئی ہے۔
حکومت نے مختلف گاڑیوں پر زیر التوا ٹریفک چالانات میں 90 فیصد تک کی رعایت کا اعلان کیا ہے۔
آر ٹی سی بسوں کے علاوہ پُش کارٹس ( 39b کیسیس) پر 90 فیصد کی رعایت۔
موٹر سیکلوں اور آٹو رکشاؤں کے لئے 80 فیصد رعایت۔
لائٹ موٹر ویہیکلس جیسے کاریں اور دیگر ہیوی موٹر ویہیکلس جیسے لاری وغیرہ کے لئے 60 فیصد چھوٹ رہے گی۔
عوام جن کی گاڑیوں پر ٹریفک پولیس کے چالانات زیر التوا ہوں وہ حکومت کی جانب سے دی گئی رعایت کا بھر پور فائدہ اٹھائیں اور اس ماہ کی 26/تاریخ تا 10/جنوری تک e challan traffic website کے ذریعہ یا می سیوا سنٹرس پہنچ کر چالانات ادا کریں ۔
واضح ہو کہ اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس نے اپنے اقتدار پر آنے کے بعد چالانات کی رقم میں 50 فیصد کی رعایت کا وعدہ کیا تھا تاہم چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر ریونت ریڈی نے اپنی پارٹی کی جانب سے کئے گئے انتخابی وعدہ سے بھی آگے بڑھتے ہوئے 90 فیصد تک بھی زیر التوا چالانات کی رقم کو معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سے قبل بھی مارچ 2022 میں اس وقت کے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے کورونا وبا کے دوران ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر عائد ہونے والے چالانات کی رقم کی ادائیگی میں رعایت دی تھی۔
اس موقع پر بھی شہری علاقوں کی عوام نے حکومت کی اس اسکیم کا بھرپور فائدہ اٹھایا تھا تاہم دیہی علاقوں کے عوام حکومت کی اس اسکیم سے عدم واقفیت کی بنا فائدہ اٹھانے سے قاصر رہے تھے۔
بتایا جارہا ہے کہ 30/ڈسمبر کو ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر لوک عدالت کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جس کی نگرانی تلنگانہ ہائیکورٹ کررہی ہے۔ اسی کو دیکھتے ہوئے حکومت نے شہریوں کو زیر التوا چالانات کی رعایتی قیمتوں کی ادائیگی کے ذریعہ یکسوئی کا سنہرا موقع فراہم کیا ہے ۔ عوام کو چاہئے کہ وہ حکومت کی اس اسکیم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

