کے ٹی آر کی مشکلات میں اضافہ

فارمولا ای۔کارریسنگ معاملہ ۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے درج کرلی شکایت

حیدرآباد: 20/ڈسمبر (اپنا وطن نیوز)
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے فارمولا ای ۔ کار ریس کے معاملے میں سابق ریاستی وزیر مسٹر کے تارک راما راؤ کے علاوہ دیگر کے خلاف کیس درج کرلیا ہے۔
واضح ہو کہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کے ذریعہ رجسٹرڈ ایف آئی آر کی بنیاد پر، ای ڈی حکام نے اس معاملے پر ای سی آئی آر درج کیا ہے۔
اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت ای ڈی نے سابق وزیر کے ٹی آر، محکمہ میونسپل ایڈمنسٹریشن کے اُس وقت کے اسپیشل چیف سکریٹری اروند کمار اور ایچ ایم ڈی اے کے اُس وقت کے چیف انجینئر بی ایل این ریڈی کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
واضح ہو کہ اس سے قبل فارمولا-ای کار ریس کیس میں تلنگانہ اے سی بی کے ذریعہ ان کے خلاف درج ایف اے آر کو منسوخ کرنے کے لئے کے ٹی آر کی جانب سے دائر لنچ موشن پٹیشن پر آج ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی اور طویل مباحث کے بعد 30/ڈسمبر تک کے ٹی آر کو گرفتار نہ کرنے کا عدالت نے عبوری فیصلہ سنایا تھا۔ تاہم عدالت نے کے ٹی آر کے خلاف تحقیقات جاری رکھنے کی منظوری بھی دی اور اس کی اگلی سماعت 27/ڈسمبر کو ہونی ہے۔
ایسے میں جبکہ عدالت نے کے ٹی آر کو فی الحال گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ سنایا اور بی آر ایس حلقوں میں اس فیصلہ پر مسرت کا اظہار کیا جارہا تھا، اب ای ڈی کی جانب سے اس معاملہ میں شکایت درج کرنا بی آر ایس قائدین کے لئے مایوسی کا سبب بنا ہے۔