تلنگانہ کے تعلیمی اداروں کو چہارشنبہ اور جمعرات کے دن تعطیلات

حیدر آباد : 25 ؍ جولائی (اپنا وطن نیوز) 

وزیر اعلیٰ تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں آئیندہ دو دنوں تک شدید سے شدید تر بارش کے پیش نظر ریاست کے تمام تعلیمی اداروں کو دو دن (چہارشنبہ اور جمعرات) تعطیل کا اعلان کرنے ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کو ہدایات دی ہیں ۔

وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے فوری بعد ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن نے ریاست بھر کے سرکاری و خانگی تعلیمی اداروں کو تعطیلات کا اعلان کردیا۔ ڈائریکٹر نے ایک پروسیڈنگ جاری کی جس میں بتایا گیا کہ شدید بارش کے پیش نظر تعلیمی اداروں کو دو دن تعطیل رہے گی۔

واضح ہو کہ ریاست بھر میں آئندہ تین دنوں تک شدید بارش کا امکان ہے اور اس خصوص میں محکمہ موسمیات کی جانب سے بھی سفارش کی گئی تھی کہ وہ تعلیمی اداروں کو تعطیل دے، نیز اولیائے طلبا بھی بارش کے پیش نظر تعلیمی اداروں کو تعطیل دینے کی مانگ کررہے تھے۔