آکسفورڈ ڈکشنری میں ڈرگس کی سپلائی، اسمگلر گرفتار

حیدر آباد : 25/مارچ (اپنا وطن نیوز)

حیدر آباد کی چھتری ناکہ پولیس نے  ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا جو منشیات کی اسمگلنگ کے لیے جعلی آکسفورڈ انگلش پاکٹ ڈکشنری کا استعمال کر رہا تھا۔

گانجہ اسمگلر، جس کی شناخت گوسوامی آشیش کے طور پر کی گئی ہے کو پولیس نے اس وقت گرفتار کرلیا جبکہ وہ جعلی آکسفورڈ ڈکشنری (لغت ) کے اندر چھپائے گئے  6.25 گرام گانجہ اور 18.75 گرام ایم ڈی ایم اے کو فروخت کرنے کے لئے نکلا تھا۔

اسمگلنگ کے اس انوکھے طریقے میں اسمگلر نے ڈکشنری کو خصوصی طور پر تیار کیا تھا جس کے اندر وہ منشیات کو آسانی سے چھپاکر اسے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرتا تھا، جس کے باعث اسے پہچھاننا ایک عام آدمی کے لئے انتہائی مشکل تھا۔

پولیس نے اس کے قبضے سے ایک فور وہیلر اور ایک نوٹ بک بھی برآمد کی جس میں منشیات فروشوں اور صارفین کے بارے میں معلومات تھیں۔

چھتری ناکہ پولیس اسٹیشن ہاؤس آفیسر وی سرینواس ریڈی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ منگل ہاٹ علاقہ کا متوطن 24 سالہ نوجوان گوسوامی آشیش ایک کپڑے کی دکان پر ملازم تھا اور اس سے قبل بھی وہ منشیات سے متعلق معاملات میں ملوث رہا تھا۔

اس سے قبل پولیس نے اسے دیگر دو مقدمات میں گرفتار کیاتھا اور اسے چنچل گوڈا جیل بھیج دیا گیا تھا۔ یہیں پر اس کی دوستی اڈیشہ میں رہنے والے ایک منشیات فروش میلان دیبناتھ اور ممبئی کے ایک نوجوان سید ایس کے سے ہوئی۔

جیل سے رہائی کے بعد، آشیش نے دیبناتھ سے 6 کلو گانجہ 8,000 روپے میں خریدا تھا اور اسے 15,000 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا تھا۔ اسی طرح اس نے سید ایس کے سے 18 گرام ایم ڈی ایم اے 1500 روپے فی گرام کے حساب سے خریدا اور 4000 روپے فی گرام میں فروخت کیا۔

ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، پولیس نے اپوگوڈا علاقہ میں اس کی گاڑی کی جانچ کی اور منشیات برآمد کی۔

پولیس نے انکشاف کیا کہ ملن دیبناتھ اور سید ایس کے، دونوں فی الحال مفرور ہیں۔ مزید تفتیش جاری ہے۔