معمولی جھگڑے نے دسویں جماعت کے طالب علم ارباز کی جان لے لی
نرمل : 8/فروری (اپنا وطن نیوز)
نرمل ضلع کے سارنگاپور منڈل کے موضع چنچولی(بی) کے حدود میں واقع تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکول کے دو طلبا کے مابین ہوئے آپسی جھگڑے میں ایک طالب علم کی موت واقع ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ٹمریز بوائز اسکول نرمل میں زیر تعلیم دسویں جماعت کے دو طلبا عرفان اور ارباز کے مابین کسی مسٗلہ پر آپسی بحث کے بعد جھگڑا ہوا جس میں ارباز (16 سال) نامی لڑکے کی موت واقع ہوگئی۔
متعلقہ اسکول کا ذمہ دار اس واقعہ کی تفصیلات سے میڈیا نمائندوں کو واقف کرواتے ہوئے۔
اسکول پرنسپل کے بموجب یہ افسوسناک واقعہ جمعرات کی شب 8 بجے پیش آیا، زخمی ارباز کو اُس وقت ڈیوٹی پر معمور ٹیچر نے ضلع اسپتال سے رجوع کیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مُردہ قرار دیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق متوفی طالب علم ارباز کے سر اور گردن پر ساتھی طالب علم نے پے در پے وار کئے تھے۔
متوفی طالب علم کا تعلق ضلع عادل آباد کے ایچوڑہ منڈل کے ملیال موضع سے بتایا جارہا ہے۔ تاہم اس کی تصدیق ہنوز باقی ہے۔
دو طلبا کے مابین جھگڑے کی اصل وجہ کا ابھی علم نہیں ہوسکا ہے۔
پولیس نے اس خصوص میں کیس درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
نرمل ضلع میں آج ایک ہی دن دو وارداتوں کے رونما ہونے پر عوام میں بے چینی کی کیفیت دیکھی جارہی ہے۔
واضح ہو کہ آج دوپہر نرمل ضلع کے خانہ پور منڈل مستقر پر ایک نوجوان نے شادی سے انکار پر ایک لڑکی کا قتل کردیا تھا۔ جبکہ اس لڑکی کی بھابھی اور اس کے تین سالہ بیٹے کو بھی زخمی کردیا تھا۔
عوام کی جانب سے ابھی وہ واقعہ بھلایا بھی نہیں گیا تھا کہ شام ہوتے ہوتے نرمل کے ٹمریز اسکول میں ایک اور واقعہ سامنے آیا جس میں طالب علم کی موت واقع ہوگئی۔

