شہیدسیف الدین کے اہل خانہ کو مجلس کی رقمی امداد حوالے

حیدر آباد : 5 ؍ اگست (اپنا وطن نیوز)
صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمان حیدر آباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے آج جئے پور۔ ممبئی ایکسپریس واقعہ میں شہید حیدر آبادی نوجوان مرحوم سید سیف الدین کے بچوں کو فی کس ایک لاکھ روپیوں کی امداد حوالے کی۔
انھوں نے دارالسلام میں مرحوم سید سیف الدین کی اہلیہ اور ان کے بچوں سے ملاقات کی اور انھیں مجلس اتحاد المسلمین کی جانب سے مکمل تعاون کا تیقن دلایا۔
اس موقع پر رکن اسمبلی نامپلی محمد جعفر حسین معراج و دیگر مجلسی قائدین موجود تھے۔
واضح ہوکہ کل اسمبلی اجلاس کے دوران مجلس کے فلور لیڈر مسٹر اکبر الدین اویسی کی جانب سے مرحوم سید سیف الدین کے اہل خانہ کو حکومت کی جانب سے مراعات فراہم کرنے کی اپیل کی گئی تھی جس کے بعد مرحوم کی  اہلیہ انجم شاہین کو تلنگانہ ریاست کی جانب سے ضیا گوڑہ علاقہ میں ڈبل بیڈ روم مکان،  ہر ماہ آسرا بیوہ پنشن کی فراہمی کے علاوہ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی حیدرآباد میں سرکاری ملازمت دی جارہی ہے۔