سابق چیف سکریٹری متحدہ آندھرا پردیش جنت حسین کا انتقال پُر ملال

حیدر آباد : 23/فروری (اپنا وطن نیوز)

متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں بحیثیت اسپیشل چیف سکریٹری خدمات انجام دینے والے موظف آئی اے ایس آفیسر جنت حسین کا آج سولور پیٹ، ضلع نیلور میں واقع ان کی رہائش گاہ پر انتقال ہوگیا۔

وہ پچھلے پانچ سال سے الزائمر کے مرض میں مبتلا تھے۔انھوں نے چار دہائیوں تک متحدہ آندھراپردیش کی عوام کی خدمات انجام دیں۔
ان کا تعلق 1977 آئی اے ایس بیاچ سے تھا۔
مرحوم جنت حسین نے آنجہانی این ٹی راما راؤ کے دور سے سابق چیف منسٹر کے۔ روشیا کی حکومت تک تلگو عوام کی خدمات انجام دیں تھیں۔
وہ سال 2004 میں راج شیکھر ریڈی کی جانب سے چیف منسٹر کا عہدہ حاصل کرنے کے بعد، مفت برقی اسکیم کی پہلی فائل پر دستخط کروانے والے آئی اے ایس آفیسر تھے۔
مرحوم نے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مختلف اسکیمات کی پالیسی سازی میں کلیدی رول ادا کیا تھا جن میں سے قابل ذکر مفت برقی سربراہی کی اسکیم تھی۔
اس کے علاوہ کے روشیا کے دور حکومت میں 31/ڈسمبر 2010 کو عہدہ سے سبکدوشی کے بعد انھیں چیف انفارمیشن کمشنر کے عہدہ پر بھی فائز کیا گیا تھا۔وہ 2014 تک اس عہدہ پر فائز رہے۔
کئی نوجوان آئی اے ایس آفیسرس اور سیاستدان ان سے ملاقات کرتے ہوئے مشورے لیا کرتے تھے۔
پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو لڑکے اور ایک لڑکی شامل ہے۔
اللہ مرحوم کی مغفرت فرماۓ اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین