مہاراشٹرا: کبوتر چوری کے الزام میں چار دلت نوجوانوں کودرختوں سے الٹا لٹکاکر پیٹا گیا

ممبئی : 28 ؍اگست (ایجنسیز)

مہاراشٹر کے احمد نگر ضلع کے ایک گاؤں میں چار دلت نوجوانوں کو مبینہ طور پر درخت سے الٹا لٹکا دیا گیا اور چھ لوگوں نے بکری اور کچھ کبوتر چوری کرنے کے شبہ میں انھیں لاٹھیوں سے پیٹا۔

احمد نگر پولس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ شریرام پور تعلقہ کے ہریگاؤں میں پیش آنے والے اس واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر منظر عام پر آئی، جس کے بعد پولیس نے ہفتے کے روز اس حملے کے سلسلے میں ایک شخص کو گرفتار کیا، جب کہ پانچ دیگر مفرور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 25 اگست کو گاؤں کے چھ لوگوں کے ایک گروپ نے مبینہ طور پر چار دلت نوجوانوں کو، جن کی عمریں 20 سے 29 سال کے درمیان تھیں، کو گھر سے باہر گھسیٹ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان چار نوجوانوں کو ایک بکری اور کچھ کبوتر چوری کرنے کے شبہ میں درخت سے الٹا لٹکا دیا گیا اور لاٹھیوں سے پیٹا گیا۔

عہدیدار نے مزید بتایا کہ ملزمین کی شناخت یوراج گالانڈے، منوج بوڈاکے، پپو پارکھے، دیپک گایکواڑ، درگیش ویدیا اور راجو بوراج کے طور پر کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ملزم نے مبینہ طور پر واقعے کی ویڈیو بنائی، جو بعد میں سوشل میڈیا پر منظر عام پر آئی۔