آر ٹی سی بسوں میں خواتین کے لئےمفت سفر۔ مرد مسافر پریشان!

ٹکٹ خریدنے کے باوجود بھی بسوں میں جگہ نہیں

مرد مسافروں کے لئے خصوصی بس سرویس کے آغاز کی بڑھ رہی ہے مانگ

عادل آباد : 10/ڈسمبر ( محمد عابد علی/ اپنا وطن نیوز )

تلنگانہ حکومت کی جانب سے جوں ہی آر ٹی سی بسوں میں خواتین کے لئے مفت سفر کی سہولت کا آغاز ہوا ہے، مرد مسافر پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔

پوری ریاست تلنگانہ میں چلائی جانے والی آر ٹی سی کی پلے ویلگو اور ایکسپریس بسیں، خواتین کے مفت سفر سے بھری پڑی دکھائی دے رہی ہیں۔

یکایک آر ٹی سی بسوں میں خواتین مسافروں کی بڑھتی تعداد سے جہاں آر ٹی سی عملہ پریشان ہے وہیں ان بسوں میں ٹکٹ خرید کر سفر کرنے والے مرد مسافروں کے چہروں پر غصہ صاف جھلک رہا ہے۔

 

نرمل بس اسٹیشن پر مسافروں کا ہجوم۔مسافر ڈرائیور کے لئے مختص دروازے سے بس میں داخل ہوگئے۔


خاص کر ایسے مرد مسافر جو مختلف دفاتر و اسکول میں خدمات انجام دیتے ہیں اور روزانہ آر ٹی سی بسوں کے ذریعہ سفر کرتے ہیں، دو دن کی تعطیلات کے بعد دفاتر و اسکولوں کے آج کھلنے پر وہ  کافی پریشان نظر آئے۔

ان مسافرین نے بتایا کہ خواتین کو مفت بس سفر کی سہولت فراہم کرنے کی وجہ سے اُن کا سفر مشکل ہوگیا ہے۔ بسوں میں جگہ کی تنگی اور سیٹوں کے نہ ملنے سے وہ آج اپنے دفتر وقت مقررہ پر پہنچ نہیں پائے۔

بسوں میں خاتون مسافروں کی بھرمار ہے، جگہ کا ملنا دشوار کن ہوچکا ہے۔ ڈرائیور کو اپنی بس بار بار ٹہرانا پڑرہا ہے تاکہ خاتون مسافروں کو اتارا اور چڑھایا جاسکے۔ ایسے میں بس اپنی منزل پر تاخیر سے پہنچ پا رہی ہے۔

پریشان حال مرد مسافروں نے آر ٹی سی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مرد مسافروں یا پھر ٹکٹ لے کر سفر کرنے کے خواہشمند مسافروں کے لئے علحدہ خصوصی بسوں کا انتظام کرے تاکہ انھیں پریشانی نہ ہو اور وہ وقت مقررہ پر اپنے دفاتر کو پہنچ پائیں۔

ان مسافرین نے متعلقہ حکام سے یہ بھی التجا کی کہ وہ آر ٹی سی بسوں میں مسافروں کی متعین کردہ تعداد سے زیادہ مسافروں کو نہ لے جائیں۔ سیٹوں کی تعداد سے زیادہ مسافروں کو بسوں میں لے جانے سے بس کو حادثہ ہونے کا خدشہ  بھی رہتا ہے ۔