آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی اسکیم کا کل دوپہر سے آغاز

’’مہالکشمی اسکیم‘‘ کی عمل آوری کے لئے احکامات جاری

حیدر آباد : 8/ڈسمبر (اپنا وطن نیوز)

خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی اسکیم کا کل سے آغاز عمل میں آئے گا۔ پرنسپل سکریٹری حکومت تلنگانہ وانی پرساد نے اس اسکیم کی عمل آوری کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔

بسوں میں مفت سفر کی اسکیم کا نام مہا لکشمی ہے جس کے تحت ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھنے والی تمام عمر کی خواتین و لڑکیاں تلنگانہ آر ٹی سی کی پلے ویلگو اور ایکسپریس بسوں میں کل دوپہر 2 بجے ( ہفتہ )سے مفت سفر کرسکتی ہیں۔

 


حیدر آباد میں خواتین سٹی بس اور سٹی میٹرو بسوں میں بھی مفت سفر کرسکتی ہیں۔ خواتین کے علاوہ خواجہ سراؤں Transgenders بھی اس اسکیم کے تحت مفت سفر کرسکتی ہیں۔

آر ٹی سی کی جانب سے چلائی جانے والی بین ریاستی بس سرویس میں تلنگانہ کی خواتین صرف تلنگانہ کی سرحد تک ہی سفر کرسکیں گی، بعد ازاں انھیں دیگر ریاست کے حدود میں داخلہ کی صورت میں ٹکٹ خریدنا ہوگا۔

خواتین تلنگانہ ریاست کے حدود میں  کسی بھی مقام سے کہیں بھی مفت سفر کرسکتی ہیں۔ خواتین کو آدھار کارڈ یا دیگر کوئی شناختی کارڈ اپنے ساتھ رکھنا ہوگا تاکہ ریاست کے شہری ہونے کا پتہ چل سکے۔

احکامات میں تلنگانہ اسٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے مینجنگ ڈائریکٹر کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اس اسکیم کی موثر عمل آوری کے لئے ضروری اقدامات کریں۔

واضح ہو کہ انتخابات سے قبل کانگریس نے ریاست کی عوام سے 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا وعدہ کیا تھا اور اقتدار کے حصول کے فوری بعد وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے مہا لکشمی اسکیم کے آغاز کا فیصلہ کیا۔

چونکہ کل کانگریس قائد سونیا گاندھی کی یوم پیدائش بھی ہے لہذا حکومت نے کل ہی سے اس اسکیم کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔