آسماں بھی تیری رفعتوں پہ ناز کرے۔۔۔

غوث عالم کا بحیثیت ضلع ایس پی عادل آباد تقرر

سخت محنت و لگن سے حاصل کی تھی ملازمت

نوجوانوں کے لئے مشعل راہ

عادل آباد : 4/جنوری (محمد عابد علی/اپنا وطن نیوز)
تلنگانہ میں آج مختلف اعلیٰ عہدوں پر فائز افسران کے تبادلوں کا دن رہا جہاں پر 26 آئی اے ایس افسران کے تبادلے اور 23 آئی پی ایس عہدیداران کے تبادلے کئے گئے۔
محکمہ پولیس میں اعلیٰ عہدیداران کے تبادلوں کے دوران ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس عادل آباد کی حیثیت سے خدمات پر معمور ادئے کمار ریڈی کا تبادلہ عمل میں لاتے ہوئے ان کی جگہ پر مولوگو ضلع کے ایس پی مسٹر غوث عالم کو ذمہ داری دی گئی۔
غوث عالم جو کہ 2017 آئی پی ایس بیاچ کے ہیں، کا آبائی ضلع ریاست بہار کا ’’گیا‘‘ ضلع ہے تاہم وہ بچپن ہی سے دہلی میں تعلیم حاصل کئے اور رہائشی ہیں۔
ان کے والد آرمی آفیسر رہ چکے ہیں اور بچپن سے ہی انھیں پولیس آفیسر بننا پسند تھا۔
کیندریا ودیالیہ سے دسویں جماعت کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد انھوں نے اپنا گریجویشن آئی آئی ٹی ممبئی سے کیا جہاں پر انھوں نے بی۔ٹیک میکانیکل انجنیرنگ کی تعلیم حاصل کی۔
انجنیرنگ کی تعلیم کے حصول کے دوران بھی انھوں نے بہترین تعلیمی مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں کامیابی حاصل کی تھی۔
بعد ازاں دہلی میں واقع ایک خانگی کمپنی میں ایک سال ملازمت کرنے کے بعد انھوں نے سول سرویس امتحان کی تیاری کرنی شروع کی اور 2017 میں کے سول سروسیس امتحان میں انھوں نے 485 واں رینک حاصل کیا۔
اس طرح وہ آئی پی ایس آفیسر کے لئے منتخب ہوئے۔ بعد ازاں سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈیمی حیدر آباد میں انھوں نے 2 سال تربیت حاصل کی اور اس دوران ان کی بیاچ میں موجود جملہ 96 آئی پی ایس ٹرینیز میں غوث عالم اپنی نمایاں کارکردگی کے باعث پہلے مقام پر رہے۔
آئی پی ایس افسران کے پاسنگ آؤٹ تقریب میں مرکزی وزیر داخلہ مسٹر امیت شاہ کے ہاتھوں غوث عالم آئی پی ایس کو سال 2019 میں باوقار پرائم منسٹر میڈل، ہوم منسٹر ریوالور اور آل راؤنڈر ٹرینی کے ایوارڈز سے بھی نوازا گیا تھا۔
ان کا الاٹمنٹ ریاست تلنگانہ کیڈر میں ہوا جس کے بعد انھیں مختلف عہدے دئے گئے۔ انھوں نے نظام آباد پولیس کمشنریٹ کے تحت تربیت حاصل کی۔ پہلی پوسٹنگ ایٹو ناگارام میں بحیثیت اے ایس پی ہوئی۔ اس کے بعد ضلع کھمم میں خدمات انجام دیں  اور بعد ازاں انھیں مولوگو ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی ذمہ داری دی گئی تھی جہاں پر انھوں نے اپنی کارکردگی کی چھاپ چھوڑی۔
کل انھیں بحیثیت ضلع ایس پی عادل آباد مقرر کیا گیا ہے جس کے بعد ضلع کی عوام ان سے کافی امیدیں لگائی بیٹھی ہے۔ ضلع میں امن و امان کی برقراری، جرائم کے خاتمہ اور عوام کو مزید انصاف رسانی کی عوام غوث عالم سے امید لگائے بیٹھے ہیں۔
عروج  ہو تجھے  ایسا نصیب  دنیا  میں
کہ آسماں بھی تیری رفعتوں پہ ناز کرے