غوث عالم نے ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس عادل آباد کا جائزہ حاصل کرلیا

عادل آباد : 5/جنوری ( اپنا وطن نیوز)
ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس عادل آباد کی حیثیت سے مسٹر غوث عالم آئی پی ایس نے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔
قبل ازیں سابق ضلع ایس پی ادئے کمار ریڈی نے نو متبدلہ ضلع ایس پی غوث عالم کی ضلع پولیس دفتر عادل آباد آمد پر  ان کا استبقال کیا اور چارج حوالے کردیا۔
عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد غوث عالم نے پولیس عہدیداران سے ضلع میں پولیس ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی، جرائم کی شرح و موجودہ صورتحال  کا جائزہ لیا۔
غوث عالم آئی پی ایس کی پہلی مرتبہ عادل آباد آمد پر محکمہ پولیس کے عہدیداران و  عملہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
واضح ہو کہ غوث عالم جو کہ 2017 آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھتے ہیں، کا آبائی ضلع ریاست بہار کا ’’گیا‘‘ ہے تاہم وہ بچپن ہی سے دہلی میں تعلیم حاصل کئے اور رہائشی ہیں۔
ان کے والد آرمی آفیسر رہ چکے ہیں اور بچپن سے ہی انھیں پولیس آفیسر بننے کا شوق تھا۔
کیندریا ودیالیہ سے دسویں جماعت کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد انھوں نے اپنا گریجویشن آئی آئی ٹی ممبئی سے کیا جہاں پر انھوں نے بی۔ٹیک میکانیکل انجنیرنگ کی تعلیم حاصل کی۔
بعد ازاں دہلی میں واقع ایک خانگی کمپنی میں ایک سال ملازمت کرنے کے بعد انھوں نے سول سرویس امتحان کی تیاری کرنی شروع کی اور 2017 میں کے سول سروسیس امتحان میں  485 واں رینک حاصل کیا۔
اس طرح وہ آئی پی ایس آفیسر کے لئے منتخب ہوئے۔
بعد ازاں سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈیمی حیدر آباد میں انھوں نے 2 سال تربیت حاصل کی اور اس دوران ان کی بیاچ میں موجود جملہ 96 آئی پی ایس ٹرینیز میں غوث عالم اپنی نمایاں کارکردگی کے باعث پہلے مقام پر رہے۔
آئی پی ایس افسران کے پاسنگ آؤٹ تقریب میں مرکزی وزیر داخلہ مسٹر امیت شاہ کے ہاتھوں غوث عالم آئی پی ایس کو سال 2019 میں باوقار پرائم منسٹر میڈل، ہوم منسٹر ریوالور اور آل راؤنڈر ٹرینی کے ایوارڈز سے بھی نوازا گیا تھا۔
ان کا الاٹمنٹ ریاست تلنگانہ کیڈر میں ہوا جس کے بعد انھیں مختلف عہدے دئے گئے۔
انھوں نے نظام آباد پولیس کمشنریٹ کے تحت تربیت حاصل کی۔
پہلی پوسٹنگ ایٹو ناگارام میں بحیثیت اے ایس پی ہوئی۔ اس کے بعد ضلع کھمم میں خدمات انجام دیں  اور بعد ازاں انھیں مولوگو ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی ذمہ داری دی گئی تھی جہاں پر انھوں نے اپنی کارکردگی کی چھاپ چھوڑی۔