عادل آباد کی ہونہار طالبہ حفصہ جبین کا عثمانیہ یونیورسٹی سے بہترین تعلیمی مظاہرہ

گورنر ریاست تلنگانہ کے ہاتھوں گولڈ میڈل کا حصول

عادل آباد : 02/نومبر (اپنا وطن نیوز)

حیدر آباد میں واقع تاریخی عثمانیہ یونیورسٹی کا 83 واں کانوکیشن تقریب گذشتہ منگل کے دن ٹیگور آڈیٹوریم، عثمانیہ یونیورسٹی کیمپس حیدر آباد میں منعقد ہوئی جس میں شہر عادل آباد سے تعلق رکھنے والی ہونہار طالبہ حفصہ جبین کو تلنگانہ گورنر تملی سائی سوندراراجن کے ہاتھوں گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔

تفصیلات کے مطابق حفصہ جبین جو کہ گورنمنٹ بالک مندر ہائی اسکول عادل آباد کے معلم  جناب مقیم جانی صاحب  (اردو پنڈت) کی دختر ہیں، کو تعلیمی سال برائے 22-2021 کے دوران ایم۔ ایس۔ سی۔ کیمسٹری (فزکس) میں نمایاں نشانات کے حصول اور ان کی بہترین تعلیمی قابلیت کے عوض انھیں یونیورسٹی کی جانب سے گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔

اس عالیشان تقریب میں گورنر ریاست تلنگانہ تملی سائی سوندراراجن نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے طلبا میں گولڈ میڈلس کی تقسیم عمل میں لائی۔

واضح ہو کہ حفصہ جبین نے شہر کے ایک خانگی اردو میڈیم اسکول سے دسویں جماعت میں تعلیم حاصل کی تھی ۔

انھوں نے انٹر میڈیٹ و گریجویشن کے تعلیمی سفر کے دوران بھی کئی ایک انعامات حاصل کئے۔گورنمنٹ ڈگری کالج عادل آباد سے اپنی گریجویشن تعلیم کے حصول کے دوران انھوں نے اس وقت کے اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو جناب کلیم محی الدین صاحب کی نگرانی میں جگناسا اردو اسٹیٹ لیول پراجیکٹ میں حصہ لیا اور انعام دوم حاصل کیا تھا۔

پوسٹ گریجویشن کی تعلیم کے حصول کے لئے انھوں نے عثمانیہ یونیورسٹی کیمپس کا رخ کیا اور وہاں پر بھی اپنی اعلیٰ تعلیم کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے مضمون میں ٹاپر رہیں۔

مشکل سمجھے جانے والے مضمون کیمسٹری میں تعلیم کا حصول اور عالمی سطح پر اپنی تعلیم کے لئے مشہور عثمانیہ یونیورسٹی سے گولڈ میڈل کا حصول لائق ستائش ہے۔ ان کی اس نمایاں کامیابی پر ان کے والد محترم جناب مقیم جانی صاحب  (اردو پنڈت) عادل آباد نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔