بی سی بندھو اسکیم کی طرز پر مسلم نوجوانوں کو راست ایک لاکھ روپئے کی امداد
اندرون دس یوم امداد کی فراہمی عمل میں لانے کا اعلان
حیدر آباد : 20 ؍ جولائی (اپنا وطن نیوز )
ریاستی وزیر فینانس مسٹر ہریش راؤ نے بیروزگار مسلم نوجوانوں کو ایک لاکھ روپیوں تک کی راست امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
انھوں نے آج بی آر ایس پارٹی اقلیتی قائدین کا حیدر آباد میں منعقدہ اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جس طرح محکمہ بی سی ویلفیر کی جانب سے نوجوانوں کو ایک لاکھ روپئے رقمی امداد فراہم کی جارہی ہے اسی طرز پر بغیر کسی بینک رضامندی ،مستحق مسلم بیروزگار نوجوانوں کو رقمی امداد منظور کئے جائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ چندر شیکھر راؤ سے وزیر داخلہ محمد محمود علی کی کامیاب نمائندگی کے باعث وزیر اعلیٰ نے انھیں ہدایت دی تھی کہ اندرون دو یوم اس سے متعلق فائل کو تیار کیا جائے ۔
انھوں نے کہا کہ بغیر کسی بینک رضامندی یا استفادہ کنندہ کی جانب سے رقم ڈپازٹ کئے بغیر حکومت راست طور پر ایک لاکھ روپیوں کی امداد غریب مسلم بیروزگار نوجوانوں کو اندرون دس یوم فراہم کرے گی۔
مسٹڑ ہریش راؤ نے کہا کہ گنگا جمنا تہذیب صرف باتوں کے لئے نہیں بلکہ عمل کے لئے بھی ہے، جس طرز پر ہندو برادری کے لئے کلیان لکشمی اسکیم کا آغاز کیا گیا اسی طرح پر مسلمانوں کے لئے شادی مبارک اسکیم جاری ہے۔ تلنگانہ حکومت ہر طبقہ کی فلاح و بہبود کی پابند ہے۔

