نفرت کی دستک: ایمیزون پارسل کی ترسیل میں تاخیر، ریحان نامی ڈیلیوری ایجنٹ کی پٹائی

حیدرآباد: 12 ؍ اگست (انٹر نیٹ ڈیسک)

شہر حیدر آباد میں نفرت پر مبنی ایک واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ایک مسلم ڈیلیوری ایجنٹ کو ایک گاہک کے ذریعہ بے دردی سے صرف اس لئے مارا پیٹا گیا چونکہ وہ متعینہ وقت پر اسے پارسل نہ پہنچا سکا۔

نوجوان کی شناخت مہاراشٹرا کے ضلع ناندیڑ کے بلولی موضع کے متوطن شیخ ریحان فیاض (20) کے طور پر ہوئی ہے، وہ گزشتہ چھ ماہ سے حیدر آباد میں ملازمت کی غرض سے رہائش پزیرہے۔حالیہ دنوں ہی اس نے ایمیزوں کمپنی میں بحیثیت ڈیلیوری ایجنٹ ملازمت حاصل کرلی تھی۔

بتایا جاتا ہے کہ 5 ؍ اگست کو قطب اللہ پور کے رکن اسمبلی کے پی وویکانند کے رشتہ دار کے پی وشال گوڑ اور ان کے دوستوں نے ریحان کوصرف اس لئے پیٹا چونکہ وہ طئے شدہ وقت پر ایمیزون پارسل کی ڈیلیوری نہیں کرپایا تھا۔

یہ واقعہ 5؍اگست کا ہے تاہم یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب مجلس بچاؤ تحریک (ایم بی ٹی) کے ترجمان امجد اللہ خان نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اس واقعہ سے متعلق ایک پوسٹ شیئر کیا۔

مسٹر امجد اللہ خان کے مطابق ریحان پارسل لئے ہوئے متعلقہ پتہ پر نصف گھنٹہ تاخیر سے پہنچا ، چونکہ اسے شہر میں آئے ہوئے چند مہینے ہی ہوئے تھے، اسے علاقہ کی شاہراہوں کی شناخت کرنے میں دشواری ہوئی۔لہذا وہ بتائے گئے پتہ پر صحیح وقت پر نہیں پہنچ پایا۔ اس پر فیاض نے گاہک سے معذرت کی۔ تاہم گاہک نے فیاض کو اپنا شناختی کارڈ دکھانے کو کہا۔ یہ معلوم کرنے پر کہ وہ مسلمان ہے، گوڑ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اسے کرکٹ کے بلے سے مارا۔ فیاض کو شدید چوٹیں آئیں۔ اس کے دونوں ہاتھوں میں فریکچر آیا۔اس کی ٹانگیں زخمی ہوگئی۔

اگرچہ فیاض نے جیڈیمیٹلا پولیس میں شکایت درج کروائی، لیکن انہوں نے اس کی شکایت پر کارروائی کرنے سے انکار کردیا۔  امجد اللہ خان کی مداخلت کے بعد، پولیس نے وشال گوڑ اور دیگر کے خلاف مجرمانہ دھمکیاں دینے، غلط طریقے سے روک تھام اور شدید چوٹ پہنچانے کا مقدمہ درج کیا ہے۔