نظام آباد : 9 ؍ اگست (اپنا وطن نیوز)
ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و بلدی نظم و نسق مسٹر کے تارک راما راؤ نے آج نظام آباد میں نو تعمیر کردہ آئی ٹی ٹاور کا افتتاح انجام دیا۔ یہ آئی ٹی ٹاور 55000 مربع فٹ کے کل رقبے پر جدید ترین سہولیات کے ساتھ تعمیر کیا گیا ہے۔
نظام آباد آٗی ٹاور کے افتتاح کے ساتھ ہی ریاست تلنگانہ میں کل آئی ٹی ٹاورس کی تعداد 6 ہوگئی۔ اس سے قبل تلنگانہ حکومت نے ورنگل، کریم نگر، کھمم، محبوب نگر اور سدی پیٹ ٹاؤنس میں آئی ٹی ٹاورس قائم کیے ہیں ۔

ان آئی ٹی ٹاورس کے تعمیر کا مقصد ریاست کے دوسرے درجے کے شہروں میں آئی ٹی سیکٹر کو وسعت دے کر روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ متوازن سماجی اور اقتصادی ترقی حاصل کرنا ہے۔
ٹاور کے افتتاح سے مقامی نوجوانوں کو حصول روزگار میں آسانی ہوگی۔ پروگرام میں ریاستی وزیر ویمولا پرشانت ریڈی، مقامی رکن اسمبلی بیگالہ گنیش گپتا،رکن اسمبلی بودھن محمد شکیل عامر کے علاوہ ضلع کے اراکین اسمبلی، اراکین قانون ساز کونسل اور دیگر عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔

