معاشرہ کی اصلاح کے لئے ہمہ تن مصروف رہناملت اسلامیہ کے ہر فرد کی ذمہ داری

عادل آباد میں منعقدہ جماعت اسلامی کی کیڈر میٹ سے مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی، نائب امیر جماعت کا خطاب

عادل آباد : 18/ جولائی (پریس نوٹ )

خدا سے دور’ خدا بےزار انسانیت کو خدا کے قریب کرنا’ بلالحاظ مذہب و ملت انسانیت کی خدمت کرنا ‘ معاشرہ کی اصلاح کے لئے ہمہ تن مصروف رہنا’ سماج میں عدل و انصاف کے قیام کی کوشش کرنا اور اپنے آپ کو دین اسلام کی مکمل پیروی میں لگا کر ذاتی تربیت کی طرف متوجہ رہنا ملت اسلامیہ کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی ہند مرکز دہلی محترم مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی نے کیا وہ آج سنٹرل گارڈن ٹی این جی اوز ہوم عادل آباد میں منعقدہ جماعت اسلامی ہند ضلع عادل آباد و نرمل کے کیڈر کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند کا مقصد اقامت دین ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے جماعت اسلامی ہند اس ملک میں قرآن وسنت کی روشنی میں پچھلے کئ سالوں سے مصروف عمل ہے۔

جماعت اسلامی ہند فرد کے ساتھ ساتھ معاشرہ اور صالح ریاست کی تشکیل چاہتی ہے ۔

انہوں نے اس موقع پر ملک کے حالیہ پارلیمانی انتخابات کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ سیکولر ذہن رکھنے والے غیر مسلم بھائیوں اور مسلمانوں نے حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرقہ پرست جماعت کو62نشستوں پر شکست دی ہے اور آنے والے دنوں میں وہ اقتدار سے دور ہو جایئں گے۔

مولانا نے بتایا کہ ملک میں امن، شانتی، بھائی چارگی اور اتحاد کے ماحول کو بنائے رکھنے کے لئے مسلسل جدوجہد کی ضرورت ہے۔

انہوں نے خواتین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنی اولاد کی دینی طرز پر تربیت کریں انہیں دین اسلام کی سربلندی کے لئے تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین نے دین اسلام کی سربلندی کے لئے کئ قربانیاں پیش کی ہے۔

حافظ محمد رشادالدین معاون امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ نے کہا کہ مضبوط اجتماعیت کے ذریعہ ہی کسی بھی مقصد کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔ آپ نے ارکان و کارکنان کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی جدوجہد کو منظم کریں اور دین کے کاموں کو اپنے دوسرے ذاتی کاموں پر فوقیت دیں۔

اجلاس کا آغاز مولانا مجیب الرحمن اشاعتی امام وخطیب جامع مسجد ایچوڑہ کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔

شیخ عظیم الدین فلاحی امیر مقامی عادل آباد اور محمد مجاھد امیر مقامی نرمل نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔

ڈاکٹر محمد ندیم ارشد ناظم ضلع و ناظم اجتماع نے کلمات تشکر ادا کئے۔

پروگرام میں شرکاء کے لئے سوالات و جوابات کا موقع دیا گیا۔ مولا ولی اللہ سعیدی فلاحی نے ان تمام سوالات کے تشفی بخش جوابات دۓ۔

اس موقع پر جماعت اسلامی ہند ضلع عادل آباد و نرمل کے ارکان، کارکنان مردو خواتین ایس آئی او، جی آئی او کے ممبران کی کثیر تعداد موجود تھی۔