کے سی آر کی بیٹی کی گرفتاری پر تلنگانہ کی سیاست میں اُبال
مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات کی برقراری میری ذمہ داری، حکومت کی دعوت افطار سے ریونت ریڈی کا خطاب
حیدر آباد : 16/مارچ (اپنا وطن نیوز)
تلنگانہ کی سیاسی سرگرمیوں میں کل زبردست اُبال دیکھا گیا۔
ایک جانب انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے حکام رکن قانون ساز کونسل و دختر کے چندر شیکھر راؤ کلواکنٹلہ کویتا سے ایکسائز پالیسی کے ایک کیس میں طویل پوچھ تاچھ اور اُن کی گرفتاری کی تیاری کررہے تھے تو دوسری جانب ریاست تلنگانہ کے چیف منسٹر مسٹر ریونت ریڈی حکومت کی جانب سے مسلمانوں کے لئے دی گئی دعوت افطار میں شریک تھے۔
تلنگانہ کی سیاسی سرگرمیوں میں مزید اُبال اس وقت دیکھا گیا جبکہ ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی بھی خود ملکاجگیری میں روڑ شو منعقد کرتے ہوئے بی آر ایس اور کانگریس پر حملہ آور تھے۔
کویتا کی گرفتاری
انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے دہلی ایکسائز پالیسی میں گھپلے کے الزام سے جڑی تحقیقات کے سلسلے میں جمعہ کو یہاں سابق وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی بیٹی اور بھارت راشٹر سمیتی (بی آرایس) کی قانون ساز کونسل کی رکن کو یتا کو بنجارہ ہلز میں ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لے لیا۔
ایجنسی کے اہلکاروں نے اس سے قبل کو یتا کی رہائش گاہ پر تلاشی لی تھی۔
بعد از گرفتاری ای ڈی کے اہلکار کویتا کو پوچھ گچھ کے لیے خصوصی طیارے کے ذریعہ دہلی میں واقع اپنے ہیڈ کوارٹر لے گئے اور بتایا جا رہا ہے کہ کل صبح انھیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ ای ڈی کے آٹھ افسران کی ایک ٹیم دن میں ببخارہ ہلز میں کویتا کی رہائش گاہ پہنچی تھی۔
اس میں دو خواتین اہلکار بھی تھیں۔ تلاشی کے دوران انہوں نے لوگوں کے گھر میں آنے جانے پر پابندی لگادی تھی اور گھر کے اندر رہنے والے سب کے مو بائل فون اپنے قبضے میں لے لیے تھے۔
اس کارروائی کی اطلاع ملتے ہی بی آرایس کے لیگل سیل کے جنرل سکریٹری سوما بھارت کو یتا سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن ای ڈی حکام نے انہیں گھر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔
قابل ذکر ہے کہ اس معاملے میں عام آدمی پارٹی کے لیڈر منیش سسودیا، سنجے سنگھ اور دیگر کئی ملزم عدالتی حراست میں ہیں۔
بہن کے خلاف ای ڈی کی کاروائی سے کے ٹی آر آگ بگولہ، پولیس میں شکایت درج
ای ڈی حکام کی جانب سے اپنائے گئے رویہ کے خلاف آج کے تارک راما راؤ (کے ٹی آر ) کافی خفا دکھائی دئیے۔
حکام کے ساتھ باز پرس کرنے کی شکایت کرتے ہوئے ای ڈی حکام نے کے ٹی آر کے خلاف بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ شکایت میں حکام نے کے ٹی آر کے خلاف تحقیقات کرتے ہوئے کاروائی کا مطالبہ کیا۔
حکومت کی دعوت افطار
ایل بی اسٹیڈیم حیدر آباد میں آج تلنگانہ حکومت کی جانب سے دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا تھا۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر ریونت ریڈی نے بحیثیت مہمان خصوصی اس تقریب میں شرکت کی اور جلسہ کو مخاطب کیا۔

انھوں نے یاد دلایا کہ سابق میں کانگریس حکومت کی جانب سے مسلمانوں کے لئے 4 فیصد تحفظات دئیے گئے تھے جس کی مستقبل میں برقراری کے لئے ان کی حکومت ہر طرح کوشش کرے گی۔
انھوں نے مستقبل قریب میں محکمہ اقلیتی بہبود کے ذریعہ اقلیتوں کی ترقی کے لئے متعدد فلاحی اسکیمات کے آغاز کا بھی اعلان کیا۔
چیف منسٹر نے بتایا کہ وہ مسلمانوں کی ترقی کے عہد کے پابند ہیں اسی لئے ان کی حکومت نے اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے 4 کارپوریشن کے چیرمین کو منتخب کیا ۔

دعوت افطار میں نائب وزیر اعلیٰ ملو بھٹی وکرمارکا، رکن پارلیمان حیدر آباد بیرسٹر اسد الدین اویسی، حکومت کے مشیر محمد علی شبیر، ریاستی وزرا و اراکین اسمبلی کے علاوہ صدر نشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی، صدر نشین اُردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان، صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن عبید اللہ کوتوال، صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی خسرو پاشاہ بیابانی، چیر مین تلنگانہ اقلیتی کمیشن طارق انصاری کے علاوہ کانگریس قائدین محمد اظہر الدین و دیگر موجود تھے۔


