اوٹنور میں سلائی مشینوں کی تقسیم

رکن اسمبلی خانہ پور اجمیرا ریکھا شیام نائک کے ہاتھوں 46 تربیتی امیدواروں میں سلائی مشینوں کی تقسیم

اوٹنور (ضلع عادل آباد) : 18 ؍ جولائی (اپنا وطن نیوز)

رکن اسمبلی خانہ پور اجمیرا ریکھا شیام نائک نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ اقتصادی طور پر ترقی کرنے کے لیے نیشنل اکیڈمی آف کنسٹرکشن (NAC)  کے زیراہتمام خواتین کی پیشہ ورانہ تربیت کا فائدہ اٹھائیں۔

انھوں نے آج اوٹنور کی 46 خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم عمل میں لائی جو کہ نیشنل اکیڈیمی آف کنسٹرکشن کے تحت چلائے جارہے سلائی تربیتی سنٹر میں اپنی تین ماہ کی تربیت مکمل کرچکے تھے۔

اس سنٹر سے پہلے بیاچ میں 29 خواتین نے جبکہ دوسری بیاچ میں 17 خواتین نے تربیت حاصل کی تھی۔

سلائی مشینوں کی تقسیم کا پروگرام آج اوٹنور شہر کے فقیر گٹا کالونی علاقہ میں منعقد کیا گیا تھا جس میں رکن اسمبلی نے شرکت کی۔


اس موقع پر انہوں نے موجود خواتین سے اپنے خطاب میں کہا کہ سلائی مشین کی یہ تربیت خواتین کے لئے ان کے خاندان کی کفالت میں بہت مددگار ثابت ہوگی۔

یہ بات قابل تعریف ہے کہ  نیشنل اکیڈمی آف کنسٹرکشن (NAC) کے ذریعے تقریباً 18 قسم کی پیشہ ورانہ مہارت کی تربیت دی جا رہی ہے۔جس سے ہر ایک کو فائدہ اٹھانا چاہئے۔

رکن اسمبلی نے کہا کہ ریاستی وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ ایک دور اندیش وزیر اعلیٰ ہیں جن کی کاوشوں کی وجہ سے ہی ریاست میں خواتین کو با اختیار بنایا جارہا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ حکومت خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے کئی پروگراموں کو نافذ کر رہی ہے۔

اوٹنور ایم پی پی پاندرا جیونت راؤ، نائب ایم پی پی بالاجی، اے ایم سی چیرمین جادھو سری رام، این اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ناگیندرم، اسسٹنٹ لیبر آفیسر گووردھن، این اے کے انسٹرکٹر نکت فرحین، قدیرا، آرگنائزرس امجد خان، کے علاوہ  بی آر ایس قائدین، ایم پی ٹی سی، سرپنچ اور دیگر نے پروگرام میں شرکت کی۔