مرحوم ظہیر الدین علی خان ملی و سماجی خدمات کے روح رواں

کریم نگر میں منعقدہ تعزیتی اجلاس سے دانشوروں کا خطاب

کریم نگر:  13؍ اگست (اپنا وطن نیوز)

تلنگانہ مسلم انٹیلکچول فورم کریم نگر کے زیر اہتمام آج ہدیٰ اسکول کریم نگر میں مینجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست مرحوم ظہیر الدین علی خان کا تعزیتی اجلاس و دعائیہ نشست کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاستی جنرل سکریٹری تلنگانہ مسلم انٹیلکچول فورم ریاض علی رضوی، مفتی یونس قاسمی، مفتی غیاث محی الدین، مولانا خواجہ علیم الدین نظامی، شعیب لطیفی، محمد نواب، شفیق احمد اطہر سینئر جرنلسٹ عادل آباد و دیگر نے مرحوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کے سماجی، معاشی، ملی و تعلیمی خدمات پر بھرپور روشنی ڈالی۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ مرحوم ظہیر الدین علی خان ایک عوامی تحریک بن کر اپنی خدمات کے ذریعہ سماج میں انموٹ نقوش چھوڑے ہیں جنھیں بھلایا نہیں جاسکتا۔

انھوں نے مرحوم کو ملی، سماجی، معاشی خدمات کے روح رواں اور انسائیکلو پیڈیا قرار دیتے ہوئے ان کے چھوڑے ہوئے مشن کو آگے بڑھانے و نیز ملی و سماجی خدمات کو اپنا شعار بنانے کی ترغیب دی۔

اجلاس کی صدارت ریاض علی رضوی نے کی جبکہ اظہار حسین اظہار نے کاروائی چلائی ۔ بعد ازاں مفتی علیم الدین نظامی نے مرحوم کی مغفرت کے لئے رخت انگیز دعا کی۔

اجلاس میں شہر کے اردو صحافیوں، دانشوروں، ادبا و شعرائ کی کثیر تعداد موجود تھی۔