عادل آباد میں کسانوں پر لاٹھی چارج کی خبریں بے بنیاد

جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف کاروائی کرنے ضلع ایس پی غوث عالم کا انتباہ

عادل آباد : 28/مئی (اپنا وطن نیوز)

ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس عادل آباد مسٹر غوث عالم نے پولیس کی جانب سے کسانوں پر لاٹھی چارج، دھکم پیل، بحث و مباحثہ جیسی میڈیا میں گشت کررہی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں کو پھیلانے والوں کے خلاف کاروائی کا انتباہ دیا۔

انھوں نے پریس نوٹ میں بتایا کہ فرٹلائزر کی دکانات پر زرعی تخم کی خریداری کرنے کے لئے  کسانوں کی طویل قطاریں دیکھی جارہی تھیں جس پر قابو پانے اور پر امن طور پر تخم کو حاصل کرنے میں کسانوں کی مدد کی غرض سے دکانات کے پاس پولیس بندوبست عمل میں لایا گیا ہے۔

ایسے میں بعض گوشوں کی جانب سے بے بنیاد خبریں پھیلائی گئیں کہ پولیس نے کسانوں پر لاٹھی چارج کیا یا انھیں تخم خریدنے سے روکا جو کہ بے بنیاد ہے۔

واضح ہو کہ آج مختلف میڈیا چینلوں کی جانب سے یہ خبر نشر کی گئی کہ پولیس نے تخم کی خریداری کررہے کسانوں پر لاٹھی چارج کیا جس کے بعد سیاسی قائدین کی جانب سے بیانات کا سلسلہ جاری ہوگیا۔ بی آر ایس رکن اسمبلی ہریش راؤ اور کے ٹی آر نے اس واقعہ کا نوٹ لیتے ہوئے ریاستی حکومت کو کسان دشمن حکومت قرادیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کسانوں کو سبسیڈی پر وافر مقدار میں زرعی تخم فراہم کرے۔