عادل آباد کے عالم دین مولانا محمد اکبرالدین حسامی کو خلافت کی ذمہ داری سونپی گئی

عادل آباد۔18/اکتوبر(اپنا وطن نیوز )

حضرت مولانا محفوظ الرحمن فاروقی رحمانی نے اپنے تربیت یافتہ راہ تصوف و سلوک کے چند خوش نصیب علماء کرام کو خلیفہ و مجاز بنا کر اعزاز سے نوازا ہے۔جن میں قابل ذکر شہر مستقر عادل آباد سے تعلق رکھنے والے نوجوان و متحرک عالم دین حضرت مولانا محمد اکبرالدین حسامی رحمانی بھی شامل ہیں۔جنہیں مولانا محفوظ الرحمن فاروقی نے خلافت کی ذمہ داری سونپی ہے۔

مولانا محمد اکبرالدین حسامی عادل آباد کو تصوف و سلوک میں خلافت عطاء کیا جانا ضلع عادل آباد کے لئے باعث فخر ہے۔مولانا محمد اکبرالدین حسامی کی خدمات طالب علمی کے زمانے سے کافی رہی ہے۔جو ناقابل فراموش ہے۔

تفصیلات کے مطابق مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد تعلقہ ناندی میں محسن ملت حضرت مولانا محفوظ الرحمن فاروقی خلیفہ و مجاز حضرت مولانا محمد ولی رحمانی رحمتہ اللہ علیہ و حضرت مولانا محمد رابع حسنی ندوی رحمتہ اللہ علیہ کی تشریف آوری کی مناسبت سے "ذکر و سلوک و اصلاح معاشرہ سے متعلق”چار روزہ پروگرام/اجتماع ترتیب دیا گیا تھا۔

یہاں کے مقامی علماء کرام نے بڑے پیمانے پر عوام و خواص کے لئے بہتر انتظامات کیے تھے۔13/اکتوبر 2023 بروز جمعہ کو ضلع اورنگ آباد تعلقہ ناندی میں حضرت مولانا محفوظ الرحمن فاروقی صاحب کا ایمان افروز خطاب ہوا۔بعد نماز عصر "ذکر سلوک” کی مجلس اور بعد نماز مغرب "سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم میں اصلاح معاشرہ کی اہمیت” کے عنوان سے خطاب عام ہوا۔

اس اجتماع کا مقصد علماء کی سرپرستی میں دعوت تبلیغ کی محنت اور ساتھ ہی ساتھ خانقاہ طرز فکر پیدا کرنا تھا۔دعاء حزب البحر کے اجتماع سے مستفدین مریدین و متوسلین نے حکیم عبدالعلیم صاحب کی نگرانی میں خوب محنت کی۔اس پرنور و عظیم الشان اجتماع کے موقع پر حضرت مولانا محفوظ الرحمن فاروقی رحمانی نے اپنے تربیت یافتہ راہ تصوف و سلوک کے چند خوش نصیب علماء کرام حضرت مولانا محمد اکبرالدین حسامی رحمانی عادل آباد سمیت مولانا منہاج اشاعتی رحمانی،مفتی عبدالمقتدر رحمانی اور حکیم عبدالعلیم رحمانی کو خلیفہ و مجاز بنا کر اعزاز سے نوازا۔

اس سے قبل مفتی یوسف اسعدی رحمانی ممبئی کو بھی خلافت عطاء کی تھی۔واضح رہے کہ ناندی گاؤں میں خانقاہ رحمانی نقشبندیہ کی سنگ بنیاد شیخ محترم محسن ملت حضرت مولانا محفوظ الرحمن فاروقی رحمانی کے دست مبارک سے علماء و ائمہ کی موجودگی میں رکھی گئی۔مولانا منہاج اشاعتی رحمانی نے اپنی زمین خانقاہ کے لیے وقف کی۔

سینکڑوں مسلمانوں نے یہاں مولانا محفوظ الرحمن فاروقی سے بیعت کر کے مریدین کے حلقے میں شمولیت اختیار کی۔

مولانا محمد اکبرالدین حسامی کو عادل آباد سے خلافت عطا کرنے پر ضلع عادل آباد کے علماء و حفاظ اور محبان کی جانب سے مبارکبادیوں اور نیک خواہشات کا سلسلہ جاری ہے۔