جونئیر ڈاکٹرس کا شدید احتجاج۔پولیس نے تین خاطیوں کو گرفتار کرلیا
عادل آباد : 14/ڈسمبر ( اپنا وطن نیوز)
گذشتہ نصف شب، راجیو گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس (رمس) عادل آباد کے احاطہ میں نامعلوم افراد کی جانب سے میڈیکل طلبا پر حملہ کے بعد جونئر ڈاکٹرس نے آج بطور احتجاج اپنی طبی خدمات کا بائیکاٹ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق عادل آباد کے رمس میڈیکل کالج میں زیر تعلیم طلبا نے الزام عائد کیا کہ ہاسٹل میں طلبا کو عدم سہولیات کے باعث رمس ڈائریکٹر کے ساتھ گذشتہ دن ہی ان کی نوک جھونک ہوئی تھی اور اسی کا نتیجہ ہے کہ کل نصف شب نامعلوم بیرونی افراد نے ان پر حملہ کیا۔
Adilabad # Asst professor and his friends attacked Rims medical College students in last night, against the attack students protest infront of the college. #telangana @NewIndianXpress @XpressHyderabad pic.twitter.com/vr8O21FPOK
— TNIE Raju reddy (@rajareddy_TNIE) December 14, 2023
احتجاجی میڈیکل طلبا نے مزید بتایا کہ حملہ آور رمس کے اسسٹنٹ پروفیسر کرانتی کے ہمراہ کیمپس میں داخل ہوئے اور انھوں نے طلبا سے بحث کی، بعد ازاں طلبا سے جھگڑا کرنے لگے۔
اس حملہ میں 4 میڈیکل طلبا کے معمولی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سرکل انسپکٹر 2 ٹاؤن عادل آباد مسٹر اشوک نے اس واقعہ کے تناظر میں میڈیا کو بتایا کہ کل نصف شب ایک سفید رنگ کی کار میں چند نا معلوم افراد دواخانہ کے احاطہ میں واقع بوائز ہاسٹل کے قریب آئے اور میڈیکل طلبا سے مار پیٹ کی۔
حملہ آوروں کو کار میں بھاگتے ہوئے جب پیچھا کیا گیا تب ایک میڈیکل اسٹوڈنٹ کو کار سے گھسیٹ کر دواخانہ کے مین گیٹ تک لے جایا گیا جس سے وہ زخمی ہوگیا۔
انھوں نے بتایا کہ حملہ آوروں میں دو روڑی شیٹرس کے ملوث ہونے کا بھی طلبا الزام لگارہے ہیں جس کے بعد 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ان پر اقدام قتل کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔گرفتار افراد میں وسیم اور شیوا شامل ہیں۔
سرکل انسپکٹر نے یہ بھی بتایا کہ طلبا رمس ڈائریکٹر سے نوک جھونک کا بھی الزام لگارہے ہیں اور اس واقعہ میں ان کے ملوث ہونے کا بھی الزام ہے جس کی تحقیقات بھی جاری ہے۔
بعد ازاں آج صبح رمس میڈیکل کالج کے طلبا نے اپنی ڈیوٹی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ایمرجنسی وارڈ کے روبرو انتظامیہ کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔
احتجاجی طلبا نے اسسٹنٹ پروفیسر کرانتی کا علامتی پتلہ نذر آتش کیا اور ان کے خلاف سخت کاروائی نیز رمس ڈائریکٹر کی فی الفور معطلی کا مطالبہ کیا۔
واقعہ کے بعد رمس ہاسپٹل میں پولیس نے سیکوریٹی انتظامات کو سخت کردیا ہے۔

