آؤٹ سورسنگ کی اساس پر ملازمت اور ڈبل بیڈ روم مکان کی منظوری کے دستاویزات حوالے
حیدر آباد : 5 ؍ اگست (اپنا وطن نیوز)
ریاستی وزیر برائے انفارمیشن ٹکنالوجی و بلدی نظم و نسق مسٹر کے تارک راما راؤ نے کل اسمبلی میں کیا گیا اپنا وعدہ پورا کیا۔
مسٹر کے ٹی آر نے 31 جولائی کے دن جئے پور۔ممبئی ٹرین میں پیش آئے فائرنگ میں شہید سید سیف الدین کے افراد خاندان سے آج ملاقات کی اور انھیں بی آر ایس پارٹی کی جانب سے رقمی امداد حوالے کی۔
انھوں نے مرحوم سید سیف الدین کی تینوں لڑکیوں کے لئے فی کس دو لاکھ روپئیے جملہ چھ لاکھ روپئے رقم حوالے کی ۔
اسی طرح مسٹر کے ٹی آر نے فلور لیڈر مجلس و رکن اسمبلی چندرائن گٹہ مسٹر اکبر الدین اویسی، ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی اور رکن اسمبلی نامپلی محمد جعفر حسین معراج کی موجودگی میں مرحوم سیف الدین کی اہلیہ انجم شاہین کو قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے دفتر میں آؤٹ سورسنگ کی اساس پر آفس سب آرڈنیٹ کی ملازمت کے احکامات حوالے کئے۔
اسی طرح انھوں نے حلقہ اسمبلی کاروان کے تحت ضیا گوڑہ میں واقع ڈبل بیڈ روم مکان کی منظوری پر مشتمل دستاویزات بھی مرحوم کی اہلیہ کے حوالے کئے۔
اس موقع پر انھوں نے مرحوم کے افراد خاندان سے بات چیت کی ۔ انھوں نے افراد خاندان کو دلاسہ دیا کہ ان کے اس مشکل وقت میں بی آر ایس پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

