عادل آباد میں اقلیتی اقتصادی امدادی اسکیم کا آغاز۔ایک لاکھ روپیوں پر مشتمل چیکس کی تقسیم

پہلے مرحلہ کے تحت 222 استفادہ کنندگان کا انتخاب، 500 خواتین میں عنقریب سلائی مشینوں کی تقسیم ۔ جوگورامنا

عادل آباد : 19 ؍ اگست (اپنا وطن نیوز)

اقلیتوں کی اقتصادی ترقی کی غرض سے ریاستی حکومت کی جانب سے آغاز کردہ ایک لاکھ روپئے امدادی رقم پر مشتمل اسکیم کا آج رکن اسمبلی عادل آباد مسٹر جوگورامنا نے افتتاح عمل میں لایا۔

انھوں نے  مستقر عادل آباد کے ٹی ٹی ڈی سی کانفرنس ہال میں منعقد کی گئی افتتاحی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور استفادہ کنندگان میں ایک لاکھ روپیوں پر مشتمل چیکس کی تقسیم عمل میں لائی۔

ضلع عادل آباد کے جملہ 222 استفادہ کنندگان کا اس اسکیم کے تحت انتخاب عمل میں آیا ہے۔ حلقہ اسمبلی بوتھ اور حلقہ اسمبلی عادل آباد رورل منڈل جات کے استفادہ کنندگان میں آج چیکس کی تقسیم عمل میں لائی گئی جبکہ بلدیہ عادل آباد کے تحت استفادہ کنندگان میں چیکس کی عنقریب تقسیم عمل میں لائی جائے گی۔

قبل ازیں رکن اسمبلی عادل آباد جوگورامنا نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ ریاستی حکومت اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے پابند عہد ہے۔ وہ ہر طبقہ کے عوام کی یکساں ترقی اور انھیں امداد پہنچانے کی کوشش کررہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے دو سال ریاستی حکومت کی مختلف اسکیمات کی عمل آوری میں تاخیر ہوئی تھی تاہم اب جبکہ حالات معمول پر ہیں ریاستی حکومت کی مختلف اسکیمات پر عمل آوری جاری ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے اقلیتی بہبود کے لئے اپنے بجٹ میں تقریبا 2 ہزار کروڑ روپئے مختص کئے ہیں جبکہ سابق میں کانگریس حکومت متحدہ ریاست آندھراپردیش میں صرف 200 کروڑ روپئے بجٹ مختص کرتی تھی۔

انھوں نے کہا کہ عنقریب ضلع عادل آباد کی مستحق خواتین میں میناریٹی فینانس کارپوریشن کی جانب سے 500 سلائی مشینیں تقسیم کی جائیں گی تاکہ خواتین کو روزگار سے مربوط کیا جاسکے۔حلقہ اسمبلی عادل آباد میں 300 اور حلقہ اسمبلی بوتھ کے لئے 200 سلائی مشینوں کی منظوری عمل میں آچکی ہے نیز مستحق خواتین کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے، عنقریب ان خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کی جائیں گی۔

رکن اسمبلی نے یہ بھی بتایا کہ اقلیتوں کے لئے ایک لاکھ روپیوں کی امدادی اقتصادی اسکیم کی یہ صرف شروعات ہے جبکہ مرحلہ وار طور پر مزید استفادہ کنندگان کا انتخاب عمل میں لایا جاکر ان میں چیکس تقسیم کئے جائیں گے۔

قبل ازیں نائب صدر نشین بلدیہ عادل آباد مسٹر ظہیر رمضانی نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ رکن اسمبلی عادل آباد کی خصوصی دلچسپی کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو قرضہ جات کی منظوری عمل میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سابق میں کبھی بھی صد فیصد سبسیڈی پر لون جاری نہیں ہوتے تھے تاہم وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ کی دور اندیشی اور تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے ویزن کے باعث اقلیتوں کے لئے کئی ایک اسکیمات پر عمل آوری جاری ہے۔

بعد ازاں حلقہ اسمبلی بوتھ اور عادل آباد رورل منڈل جات کے استفادہ کنندگان میں صد فیصد سبسیڈی پر مشتمل ایک لاکھ روپیوں کے چیکس تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر ڈی سی سی بی چیرمین اڈی بھوجاریڈی، ضلع اقلیتی بہبود آفیسر جی۔کرشناوینی کے علاوہ اراکین ضلع پریشد، منڈل پریشد، کونسلرس و دیگر موجود تھے۔