اقلیتی مالیاتی کارپوریشن سے صد فیصد سبسیڈی اسکیم کے گائیڈ لائنس کی اجرائی

سابق میں داخل کردہ درخواستیں ہی قابل قبول۔نئی درخواستیں وصول نہیں کی جائیں گی

حیدر آباد : 29 ؍ جولائی ( اپنا وطن نیوز )

تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے اقلیتی طبقہ کے ہنر مند بیروزگار نوجوانوں کو 100 فیصد سبسیڈی پر دی جانے والی یکمشت ایک لاکھ روپیوں کی مالی امداد سے متعلق رہنمایانہ خطوط (گائیڈ لائنس ) جاری ہوچکے ہیں۔

جاری کردہ گائیڈ لائنس کے مطابق مالیاتی کارپوریشن صرف ایسے اقلیتی اہل امیدواروں کو ایک لاکھ کی امداد فراہم کرے گا جو کہ سابق میں آغاز کردہ سبسیڈی قرضہ جات کی اسکیم کے تحت اپنی درخواستیں داخل کرچکے ہوں۔

اقلیتی امیدواروں سے کوئی نئی درخواستیں وصول نہیں کی جائیں گی بلکہ مالیاتی سال 2023-2022 کے دوران OBMMS ویب سائٹ کے ذریعہ سبسیڈی قرضہ جات کے لئے آن لائن داخل کردہ درخواستوں کو ہی جاریہ مالیاتی سال 2024-2023 کے لئے اہل قرار دیا جائے گا۔ اور انہی میں سے اہل امیدواروں کو صد فیصد سبسیڈی پر ایک لاکھ روپیوں کی امداد منظور کی جائے گی۔

کارپوریشن نے صد فیصد امداد کی اسکیم کو دو حصوں میں تقسیم کیا ہے ۔ پہلے حصہ کے طور پر 2011 مردم شماری کے لحاظ سے ضلع سطح کو مختص کردہ یونٹس جو کہ ریاستی سطح پرمجموعی طور پر 9 ہزار ہیں، کو صد فیصد امداد فراہم کی جائے گی۔

اسی طرح دوسرے حصہ کے طور پر حلقہ اسمبلی کو یونٹ بناکر مزید استفادہ کنندگان کو صد فیصد امداد کی اسکیم کے فوائد سے مستعفید کیا جائے گا۔

ریاست تلنگانہ کے جملہ 119 حلقہ جات اسمبلی میں ہر اسمبلی سے 120 اہل استفادہ کنندگان کو صد فیصد امداد کی اسکیم دی جائے گی۔ اس طرح حلقہ اسمبلیوں کے تحت جملہ 14280 افراد کو صد فیصد امداد فراہم کی جائے گی۔

ضلعی سطح کے  9000 اور حلقہ اسمبلی کے تحت 14280 ، اس طرح جملہ 23280 مستحق بیروزگاروں میں 232 کروڑ 80 لاکھ روپیوں کی تقسیم سے مدد کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پہلے مرحلہ کے طور پرعنقریب ضلعی سطح پر منظور شدہ امیدواروں کو ایک لاکھ روپئے کی صد فیصد سیسیڈی امداد منظور کردی جائیگی ۔ منتخب بیروزگاروں میں ایک لاکھ روپیوں کے چیکس ضلع کلکٹر اور متعلقہ ارکان اسمبلی کی نگرانی میں تقسیم کئے جائیں گے۔

چونکہ سابق میں کرسچن فینانس کارپوریشن کے تحت قرضہ جات اسکیم کی درخواستوں کا آغاز عمل میں نہیں لایا گیا تھا لہذا کرسچن طبقہ کے بیروزگاروں سے نئی درخواستیں آن لائن طرز پر حاصل کی جائیں گی۔ اس خصوص میں مینجنگ ڈائریکٹر کرسچن فینانس کارپوریشن نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق کرسچن طبقہ کے بیروزگار نوجوان 31 ؍ جولائی تا 14 ؍ اگست اپنی درخواستیں OBMMS  ویب سائیٹ کے ذریعہ داخل کرسکتے ہیں۔