عادل آباد کے نوجوان محمد طیب محی الدین کا سول پولیس کانسٹیبل کی حیثیت سے انتخاب

عادل آباد : 5/اکتوبر (اپنا وطن نیوز)

مستقر عادل آباد کے محلہ بکل گوڑہ کے متوطن نوجوان محمد طیب محی الدین ولد محمد طاہر محی الدین کا بحیثیت پولیس کانسٹیبل (سول) انتخاب عمل میں آیا ہے۔

تلنگانہ پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ حیدر آباد کی جانب سے جاری کئے گئے نتائج کے مطابق محمد طیب محی الدین  نے کانسٹیبل تحریری امتحان میں 200 کے منجملہ 118 نشانات حاصل کئے تھے۔

اسی طرح انھوں نے کانسٹیبل امتحان میں کامیابی کے لئے منعقدہ پراکٹیکل امتحان میں بھی شاندار مظاہرہ کیا اور تمام ایونٹس کو شاندار نمبرات سے کامیاب کیا۔

نہایت ہی سنجیدہ مزاج، خوش اخلاق و عبادت گزار طیب محی الدین نے اپنی اس کامیابی پر اللہ رب العزت کا شکر بجا لاتے ہوئے اپنی اس کامیابی کو اپنے والدین اور بزرگوں کی دعاؤں کا نتیجہ قرار دیا۔

 

طیب محی الدین اپنے والد محترم محمد طاہر محی الدین کے ہمراہ (فائل فوٹو)

اسی طرح انھوں نے جنرل اسٹڈیز پرچہ کی تیاری میں ان کی رہنمائی کرنے پر میناریٹی اسٹڈی سرکل عادل آباد کے ذمہ داران اور اساتذہ اکرام و دوست و احباب کا شکریہ ادا کیا۔

طیب محی الدین میناریٹی اسٹڈی سرکل عادل آباد میں کوچنگ کے دوران کوآرڈنیٹر محمد عابد علی سے اسٹڈی مٹیریل حاصل کرتے ہوئے(فائل فوٹو)

واضح ہو کہ طیب نے محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے چلائے جانے والے میناریٹی اسٹڈی سرکل میں جنرل اسٹڈیز مضمون کی تربیت حاصل کی تھی۔

وہ مستقر عادل آباد کے لٹل فلاور انگلش ہائی اسکول سے فارغ طالب علم ہیں۔

محکمہ پولیس میں ان کا بحیثیت سول  پولیس کانسٹیبل منتخب ہونے پر ان کے رشتہ داروں، دوست احباب کی جانب سے انھیں مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری ہے۔