عادل آباد بلدیہ کے نائب صدرنشین ظہیر رمضانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب

اقلیتی طبقہ سے ہی نائب صدر نشین کا عہدہ پُر کرنے سابق ریاستی وزیر جوگورامنا کا اعلان

عادل آباد : 18/جولائی (اپنا وطن نیوز)

نائب صدرنشین بلدیہ عادل آباد ظہیر رمضانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی جس کے بعد انھیں نائب صدر نشین بلدیہ کے عہدے سے محروم ہونا پڑا۔

آج بروز جمعرات کو 11 بجے دن، بلدیہ کے کونسل ہال میں آر ڈی او ونود کمار کی زیر نگرانی بلدیہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا ۔

49 رکنی عادل آباد بلدیہ میں عدم اعتماد کے لئے 33 کونسلرس کی تائید کی ضرورت تھی جبکہ 34 کونسلروں نے تائید کی۔

بعد ازاں آر ڈی او نے بتایا کہ بشمول رکن اسمبلی عادل آباد پائل شنکر جملہ 35 اراکین آج کے اس خصوصی اجلاس میں موجود تھے تاہم رکن اسمبلی نے حاضری رجسٹر پر دستخط کرتے ہوئے روانہ ہوگئے جبکہ مابقی 34 اراکین نے عدم اعتماد تحریک کے حق میں ووٹ ڈالے۔

ظہیر رمضانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سابق ریاستی وزیر و صدر بی آر ایس پارٹی ضلع عادل آباد جوگورامنا نے کہا کہ دراصل یہ حق پرستوں کی جیت ہے۔

انھوں نے واضح انداز میں کہا کہ یہ کاروائی اقلیتوں کے خلاف نہیں ہے بلکہ ایک بدعنوان سیاستدان کے خلاف کی گئی کاروائی ہے۔

اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے نائب صدر نشین کو بدعنوانیوں اور دھوکہ دہی کے باعث ان کی پارٹی عہدہ سے برخواست کررہی ہے تو مستقبل قریب میں اسی طبقہ کے کسی دوسرے امیدوار کو نائب صدر نشین بلدیہ کے اس عہدہ پر فائز کیا جائے گا۔

بعد ازاں بی آر ایس اور بی جے پی سے وابستہ قائدین نے آتشبازی، نعرے بازی اور رقص کے ذریعہ جشن منایا۔

واضح ہو کہ اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد نائب صدر نشین بلدیہ عادل آباد مسٹر ظہیر رمضانی نے بی آر ایس کو خیر آباد کہتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔