کانگریس کی 6 گیارنٹی کی فائل پر چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی کی پہلی دستخط
معذور لڑکی رجنی کو بھی سرکاری ملازمت فراہم کی
حیدرآباد: 7/ڈسمبر (اپنا وطن نیوز)
بحیثیت چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اپنی پیلی عوامی تقریر میں اعلان کیا کہ ان کی حکومت عوامی خدمت گار بنے گی تانا شاہ نہیں۔
انھوں نے ایل بی اسٹیڈیم میں اپنی حلف برداری تقریب کے بعد منعقدہ عوامی جلسہ عام میں کانگریس کی جانب سے انتخابات کے دوران عوام سے کئے گئے 6 گیارنٹی پر مشتمل ابھیا ہستم کے آغاز کی فائل پر پہلی دستخط ثبت کی۔
اسی طرح انھوں نے اپنے ایک اور انتخابی وعدہ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے رجنی نامی معذور لڑکی کو سرکاری ملازمت کے احکامات پر مبنی فائل پر دوسری دستخط کی۔ بعد ازاں اس معذور لڑکی کو احکامات حوالے کئے۔
قبل ازیں انھوں نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ چیف منسٹر کی رہائش گاہ پرگتی بھون کے اطراف موجود آہنی حصار کو آج توڑا جارہا ہے تاکہ چیف منسٹر سے عوامی رابطہ میں آسانی ہوسکے۔
انھوں نے کہا کہ کل صبح 10 بجے جیوتی با پولے پرگتی دربار میں عوامی شکایتوں کی سماعت کی جائے گی جس میں عوام اپنی شکایتیں و مسائل لے کر پہنچ سکتے ہیں۔
انھوں نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ تلنگانہ ریاست کا قیام کئی نوجوانوں کی قربانیوں اور جہدکاروں کی کوششوں سے عمل میں آیا تھا۔ اس وقت کی کانگریس صدر محترمہ سونیا گاندھی نے نوجوانوں کی قربانیوں اور تلنگانہ کے 4 کروڑ عوام کی امنگوں کی قدر کرتے ہوئے علحدہ ریاست کی تشکیل عمل میں لائی تھی، تاہم گذشتہ 10 برسوں میں اس ریاست میں انسانی حقوق کی پامالی اور جمہوریت کا قتل ہوتا رہا۔
انھوں نے کہا اب عوام کی امنگوں والی سرکار اس ریاست میں اقتدار کرے گی اور یہ کوئی حکمرانی نہیں بلکہ عوامی خدمت ہوگی۔ کسانوں، نوجوانوں، بیروزگاروں، جہد کاروں اور شہیدوں کے اہل خانہ کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔
ہم اندرما راجیم لائیں گے جس میں عوامی خدمت ہی ہمارا نصب العین ہوگا۔
انھوں نے شہر حیدر آباد کی ترقی اور ریاست میں امن و امان کی برقراری پر خصوصی توجہ دینے کا بھی اعلان کیا۔

