کریم نگر : 12 اگست (اپنا وطن نیوز)
کریم نگر ضلع میں ریچھ کی نقل و حرکت نے عوام میں افراتفری کا ماحول پیدا کردیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ کریم نگر کے مضافاتی علاقے میں آدھی رات کو ایک ریچھ گھومتا رہا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ سری پورم کالونی کے ساتھ ساتھ رائے کورتھی اور بومکال میں بھی دیکھا گیا تھا، اس سے گھبرا کر مقامی لوگوں نے محکمہ جنگلات کے افسران کو اس کی اطلاع دی۔
محکمہ جنگلات کے عہدیداران ریچھ کی بڑے پیمانے پر تلاش کر رہے ہیں۔اسی دوران ریچھ کی حرکت کے مناظر سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہو گئے ہیں۔ محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کا آپریشن کل رات سے جاری ہے۔ عہدیداران ریچھ کو بے ہوشی کا انجکشن دے کر پکڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔
شہری علاقوں میں ریچھ کی نقل و حرکت کے باعث علاقہ کے عوام میں افراتفری کا ماحول دیکھا جارہا ہے۔ لوگ اپنے گھروں سے باہر نکلنے سے ڈر رہے ہیں۔ علاقہ میں مختلف قسم کی افواہیں بھی گشت کررہی ہیں۔
اسی دوران کسی بھی طرح ریچھ کو پکڑنے کے لئے محکمہ جنگلات کا عملہ اور مقامی پولیس ہر ممکنہ کوشش کررہی ہے۔

