نریندر مودی نے کہا’’ملک کی 140 کروڑ عوام ہی میرا خاندان ‘‘

کانگریس اور بی آر ایس ایک جیسی پارٹیاں۔عوام بی جے پی کو 400 سیٹوں پر کامیابی دلائے

تلنگانہ کے ضلع عادل آباد میں منعقدہ جلسہ عام سے وزیر اعظم کا خطاب

56 ہزار کروڑ روپیوں کی لاگت سے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیادوافتتاح

عادل آباد : 4/مارچ (محمد عابد علی/اپنا وطن نیوز)

میری زندگی ایک کھلی کتاب ہے۔ میری زندگی ملک کے لیے وقف ہے۔ میں اپنا گھر چھوڑ کر ایک مقصد کے لیے آیا ہوں۔ مودی کی گارنٹی کا مطلب ہے وہ گارنٹی جو پوری ہو گی، میرا مقصد عوام کے خوابوں کو پورا کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ضلع مستقر عادل آباد میں بی جے پی کی جانب سے منعقدہ جلسہ عام کے دوران کیا۔

انھوں نے اندرا پریہ درشنی اسٹیڈیم میں منعقدہ جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کانگریس اور بی آر ایس ایک جیسی سیاسی جماعتیں ہیں، کالیشورم پراجیکٹ کی تعمیر میں بی آر ایس نے غبن کیا تو کانگریس اس پراجیکٹ کی فائلوں کو دبا کر بیٹھ گئی ہے تاکہ وہ اس میں مزید غبن کرسکے۔

نریندر مودی نے جذباتی انداز میں عوام کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ان کے خاندان پر سوال اٹھاتی ہیں اور کہتی ہیں کہ مودی کا کوئی خاندان نہیں ہے۔

میں نے بچپن میں ہی ایک خواب کو لیکر اپنا گھر چھوڑا تھا تاکہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی زندگی وقف کردوں ، میرے کوئی نجی خواب نہیں ہیں بلکہ ملک کے عوام کے خوابوں کی تعبیر ہی میرے زندگی کا مقصد ہے۔

مودی نے عوام کو رام مندر کی تعمیر اور افتتاح کی یاد دلاتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ مندر کی در و دیوار کی تعمیر میں تلنگانہ کی عوام کا بھی حصہ ہے۔

انھوں نے تلنگانہ کی عوام سے التجا کی کہ وہ بی جے پی کو دوبارہ اقتدار میں لانے کی سعی کریں اور اب کی بار 400 پار کے نعرے کو حقیقت کا روپ دیں۔

انھوں نے عادل آباد کی سرزمین کو جہد کاروں کی سرزمین سے تعبیر کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس سرزمین پر رام جی گونڈ اور کمرم بھیم نے اپنے حقوق کی لڑائی لڑی تھی اور بی جے پی بھی آدی واسیوں کی فلاح و بہبود اور ان کی ہر سطح پر تقری کے عہد پر کاربند ہے۔

انھوں نے یاد دلا یا کہ ان کے دور حکومت میں  آدی واسی طبقہ سے ملک کو صدر جمہوریہ کا عہدہ ملا۔

انھوں نے تلنگانہ ریاست کی ہر سطح پر ترقی عمل میں لانے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے تلنگانہ میں ہلدی بورڈ کے قیام، سمکا سارکا قبائل یونیورسٹی کے قیام کی منظوری اور کئی ترقیاتی کام کئے ہیں۔

قبل ازیں وزیر اعظم نے گورنر تلنگانہ تملا سائی سندراجن اور چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی کے ہمراہ 56 ہزار کروڑ روپیوں کی لاگت سے مختلف ریاستوں میں  تعمیر کردہ، تعمیر شدنی  پراجیکٹس کا بٹن دبا کر افتتاح عمل میں لایا۔

جلسہ عام میں مرکزی وزیر و صدر ریاستی بی جے پی کشن ریڈی، رکن پارلیمان عادل آباد سوئم باپو راؤ، رکن پارلیمان کریمنگر بنڈی سنجئے، لکشمن، رکن اسمبلی عادل آباد پائل شنکر کے علاوہ دیگر موجود تھے۔