پرجا پالنا درخواستیں ۔آدھار کارڈ میں آندھرا پردیش درج ہو تو کیا کریں؟

ضلع کلکٹر عادل آباد راہول راج کی وضاحت

عادل آباد : 29/ڈسمبر (اپنا وطن نیوز)

ضلع کلکٹر عادل آباد مسٹر راہول راج پی ایس نے ریاستی حکومت کی جانب سے آغاز کردہ پرجا پالنا پروگرام سے استفادہ حاصل کرنے کی عوام سے خواہش کی ۔

انھوں نے آج کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے عوام کی دہلیز تک سرکاری اسکیمات پہنچانے کی غرض سے ابھیا ہستم کے تحت پرجا پالنا پروگرام کا آغاز کیا ہے جو کہ 6/جنوری تک جاری رہے گا۔

ضلع کلکٹر نے مزید بتایا کہ 31/ڈسمبر اور یکم جنوری کو سرکاری تعطیلات کی بنا عوام سے درخواستیں حاصل نہیں کی جائیں گی تاہم مابقی کام کے دنوں میں عوام اپنی درخواستیں اپنے وارڈ یا گرام پنچایت میں قائم کردہ کاؤنٹرس پر داخل کردیں۔

حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 5 ضمانتوں کے لئے درخواستیں قبول کی جارہی ہیں۔ تمام 5 اسکیمات کے لئے صرف ایک ہی فارم پُر کرنے کی ضرورت ہے اور درخواست گزار فارم میں موجود باکس کے نشان میں انھیں مطلوب اسکیم کے آگے صحیح کا نشان لگائیں۔

انھوں نے کہا کہ ایسے آدھار کارڈس جو تاحال بھی اپ ڈیٹ نہیں کروائے گئے ہیں اور جن پر حکومت آندھرا پردیش ہی درج ہے، وہ بھی قابل قبول ہیں۔

غیر ضروری طور پر عوام اپنے آدھار کارڈز میں تبدیلی کے لئے آدھار سنٹرس کا رُخ نہ کریں، اسی طرح درخواست کے ہمراہ کسی قسم کا صداقتنامہ آمدنی یا صداقتنامہ ذات لگانے کی ضرورت نہیں ہے۔

ایسے اہل درخواست گزار جن کے پاس سفید راشن کارڈ نہ ہو وہ بھی اپنی درخواست کو پُر کرتے ہوئے داخل کروائیں بعد ازاں ان کی جانب سے داخل کردہ درخواستوں کی تنقیح عمل میں لائی جائے گی۔

ضلع کلکٹر نے بتایا کہ انھیں معلوم ہوا ہے کہ بعض پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے شہری بھی حکومت تلنگانہ کی جانب سے آغاز کردہ ان اسکیمات کے لئے اپنی درخواستیں داخل کررہے ہیں تاہم حکومت کے احکامات کے بعد ہر ایک درخواست کی مکمل تنقیح اور تحقیقات کی جاکر ہی حقیقی استفادہ کنندگان کو سرکاری فوائد پہنچائے جائیں گے۔اور غیر مقامی شہریوں کی درخواستوں کو رد کردیا جائے گا۔

اس موقع پر ضلع کلکٹر راہول راج نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان اسکیمات کی منظوری یا درخواستوں کے ادخال کے ضمن میں کسی بھی درمیانی آدمی، سرکاری عہدیدار یا عوامی منتخبہ نمائندے کو رشوت نہ دیں بلکہ حکومت کی جانب سے قائم کردہ کاؤنٹرس پر راست پہنچ کر درخواست حاصل کریں اور وہیں داخل بھی کریں۔

پریس کانفرنس میں اڈیشنل کلکٹر (لوکل باڈی) خوشبو گپتا بھی موجود تھیں۔