بی آر ایس قائدین فلاحی اسکیموں اور میونسپل ترقیاتی کاموں میں بدعنوانی کے مرتکب
عادل آباد میں کانگریس اقلیتی قائدین کی پریس کانفرنس
عادل آباد۔5/فروری(اپنا وطن نیوز )
عادل آباد کانگریس پارٹی اقلیتی سیل کے ضلعی قائدین سید شاہ راشد الحق،ایم اے شکیل،محمد رفیق،سید شاہد علی،شیخ کلیم پر مشتمل وفد نے پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس میں شرکت کی۔
اس موقع پر سید شاہ راشد الحق نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں ہزیمت ناک شکست کا سامنا کرنے والے عادل آباد بی آر ایس کے قائدین تلنگانہ میں نو تشکیل شدہ کانگریس حکومت کی کامیابی اور اندرویلی جلسہ عام کی شاندار کا میابی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔
بی آر ایس قائدین چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی اور کانگریس حکومت پر غیر ضروری الزامات عائد کررہے ہیں ۔
راشد الحق نے پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ پچھلی بی آر ایس حکومت نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے کئے گئے ایک بھی وعدے کو پورا نہیں کیا تھا۔
مزید برآں، بی آر ایس قائدین نے فلاحی اسکیموں اور میونسپل ترقیاتی کاموں میں بدعنوانی میں ملوث ہوکر مستحقین کو دھوکہ دینے کی تاریخ رقم کی ہے۔
انہوں نے بی آر ایس پارٹی قائدین پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سابق رکن اسمبلی جوگورامنا حلقہ اسمبلی عادل آباد کے چار مرتبہ رکن اسمبلی رہ چکے ہیں،لیکن اس دوران انہوں نے عادل آباد کی پسماندگی کو دور کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی،بلکہ سیاسی اثر و رسوخ کا غلط استعمال کرتے ہوئے خود مالدار ہوگئے اور عادل آباد کی حقیقی ترقی کو یکسر نظر انداز کردیا۔
سید شاہ راشد الحق نے دو ٹوک الفاظ میں کندی سرینواس ریڈی کی قیادت کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ عادل آباد کو اب نیا چہرہ کندی سرینواس ریڈی کی شکل میں مل چکا ہے،آئندہ انتخابات میں جوگورامنا کندی سرینواس ریڈی کے سامنے ٹک نہیں پائیں گے بلکہ جوگورامنا کی ضمانت بھی ضبط ہو جائے گی۔
بی آر ایس دور حکومت میں شہر مستقر عادل آباد میں واقع تالاب کٹہ کی ترقی کو بھی نظر انداز کردیا گیا۔اوراقلیتوں سے کئے گئے وعدہ جو کہ 12٪فیصد تحفظات بھی نہیں دیے گئے،جبکہ کانگریس دورحکومت میں اقلیتوں کے ساتھ انصاف کیا جاتا رہا ہے۔
بی آر ایس پارٹی کی جاگیردارانہ حکومت کو عوام نے مسترد کرتے ہوئے کانگریس حکومت کو دوبارہ اقتدار سونپا ہے،کانگریس حکومت عوامی حکومت ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کانگریس پارٹی سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے بی آر ایس قائدین کو اوچھی سیاست سے باز آنے کا انتباہ دیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سی ایم ریونت ریڈی اور کانگریس حکومت تمام طبقات کی فلاح و بہبود اور ترقی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آنے والے پارلیمانی انتخابات میں بھی عوام بی آر ایس کو مناسب سبق سکھائیں گے۔

