500 روپئے کی کرنسی نوٹ پر ہندو دیوتا رام کی تصویر چھاپنے راجہ سنگھ کا مطالبہ

وقف املاک پر بھی دیا متنازعہ بیان

حیدر آباد : 20/جنوری (ایجنسیز)

ہمیشہ اپنے متنازعہ بیانات کے ذریعہ میڈیا میں چھائے رہنے والے بی جے پی کے رکن اسمبلی گوشہ محل راجہ سنگھ نے آج ایک اور متنازعہ بیان دیا ہے۔

ریاست مہاراشٹرا کے ایک مقام پر اپنی تقریر میں گوشہ محل کے ایم ایل اے راجہ سنگھ نے 500 روپے کے نوٹوں پر ہندو دیوتا رام کی تصویر چھاپنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور تھائی لینڈ سمیت کئی یوروپی ممالک پہلے ہی کرنسی نوٹوں پر ہندو دیوتاؤں کی تصویریں چھاپ چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سو کروڑ ہندو 500 روپے کے نوٹ پر بھگوان رام کی تصویر چھاپنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اسی طرح انھوں نے ملک میں وقف بورڈ کے تحت موجود اراضی پر بھی متنازعہ بیان دیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ وقف  اراضیات کو آزاد (ریلیز) کردیں۔

انھوں نے الزام عائد کیا  کہ اُس وقت کے وزیر اعظم نہرو نے تقسیم کے دوران ہندوستان چھوڑنے والوں کی جائیدادوں کے تحفظ کے لیے وقف ایکٹ لایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ صرف مہاراشٹر میں وقف بورڈ کے نام پر 10 لاکھ ایکڑ زمین ہے۔

مہاراشٹر حکومت ان زمینوں کو وقف بورڈ سے ریلیز کروائے۔