عادل آباد کے اردو صحافیوں کی ضلع کلکٹر سے نمائندگی

عادل آباد : 10 ؍ جولائی (پریس نوٹ)

 

تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن شاخ عادل آباد کے نمائندوں نے عادل آباد ضلع کلکٹر مسٹر راہول راج اور ڈی پی آر او وشنو کا اس وقت شکریہ ادا کیا جبکہ ضلع کے سرکردہ عہدیداران نے TUWJF کی جانب سے پیش کردہ تحریری یادداشت ریاستی حکومت کو ترسیل کرتے ہوئے اس پر غور کرنے کی سفارش کرنے کا تیقن دیا۔

مستقر عادل آباد کے کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں اردو فیڈریشن سے تعلق رکھنے والے نمائندوں میں سرپرست اعلیٰ محبوب خان، سرپرست حمید اللہ انور، نائب صدر محمد آصف الدین، جنرل سکریٹری حافظ خضر احمد یافعی، عمیم شریف، محمد شفیع، شیخ محسن، شیخ معیز، عصمت علی نے ضلع کلکٹر راہول راج سے ملاقات کرتے ہوئے TUWJF کی جانب سے دس مطالبات پر مشتمل ایک تحریری یادداشت انھیں پیش کی۔

علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ پبلک ریلیشن آفیسر (ڈی پی آر او) سے ملاقات کرتے ہوئے انھیں بھی ایک تحریری یادداشت پیش کی۔

یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہو گا کہ ریاست میں اردو صحافیوں کے مسائل کو حل کرنے میں حکومت اپنی سرد مہری کا مظاہرہ کررہی ہے جس کے پیش نظر تنظیم کی جانب سے ریاستی حکومت کی توجہ اس جانب مبذول کروانے کی غرض ’’ہفتہ مطالبات‘‘ منایا جارہا ہے۔