ڈپٹی چیف منسٹرملوبھٹی وکرامارکا اور وزرا نے بھی حلف لیا
حیدرآباد: 7/ڈسمبر (اپنا وطن نیوز)
چیف منسٹر تلنگانہ کی حیثیت سے آج انو مولا ریونت ریڈی نے حلف لیا۔ تقریبا 1 بجکر 20 منٹ پر انھیں گورنر ریاست تلنگانہ تملاسائی سوندراجن نے انھیں عہدہ کا حلف دلایا۔
بعد ازاں گورنر نے نائب وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے بھٹی وکرامارکا کو حلف دلایا۔ اسی طرح وزرا کے طور پر اتم کمار ریڈی، دامودھر راجا نرسمہا، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، ڈی۔سریدھر بابو، پونگو لیٹی سرینواس ریڈی، پونم پربھاکر، کونڈا سریکھا، انوسیا سیتا اکا، ٹی ناگیشور راؤ، جو پلی کرشنا راؤ کو بھی حلف دلایا۔

تقریب حلف برداری میں کانگریس کے اعلیٰ قائدین جن میں سونیا گاندھی، ملیکارجن کھرگے، راہول گاندھی، پرینکا گاندھی کے علاوہ چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا، ڈی کے شیو کمار، چیف منسٹر ہماچل پردیش و دیگر قائدین موجود تھے۔
قبل ازیں حیدر آباد کے لعل بہادر اسٹیڈیم، عابڈس پر حلف برداری تقریب منعقد ہوئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ حلف برداری تقریب میں ریونت ریڈی سونیا گاندھی کو لئے اوپن جیپ میں اسٹیڈیم کے اندر پہنچے جس پر عوام نے تالیوں کی گونج میں ان کا استقبال کیا۔
چیف سکریٹری ریاست تلنگانہ شانتی کماری نے تقریب کی کاروائی چلائی۔

