عادل آباد کے قریب اندوہناک سڑک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی موت

صدر انتظامی کمیٹی جامع مسجد عادل آباد سید معیز الدین اورافراد خاندان مہلوکین میں شامل

عادل آباد : 01/اکتوبر (اپنا وطن نیوز بیورو)

ضلع عادل آباد کی مشہور و معروف شخصیت، صدر انتظامی کمیٹی جامع مسجد و عیدگاہ قبرستان عادل آباد سید معیز الدین  (موظف ملازم محکمہ برقی ) اور ان کے چار افراد خاندان کا آج شب ایک اندوہناک سڑک حادثہ میں انتقال ہوگیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ضلع عادل آباد کے گڑی ہتنور منڈل کے موضع میکلا گنڈی کے قریب قومی شاہراہ 44 پر پیر کی شب تقریبا 11 بجے ایک کار (اسوزو پک اپ گاڑی) جس میں یہ لوگ سفر کررہے تھے، اپنا توازن کھودینے کے باعث ڈیوائیڈر سے ٹکراکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں  سید معیز الدین (65سال)، ساکن ٹیچرس کالونی عادل آباد، ان کے داماد خواجہ معین الدین (زاہد) ، عمر 40 سال، ساکن ایچوڑہ، ان کے دو نواسے  فرید الدین ولد خواجہ معین الدین عمر 13 سال ،محمد عثمان الدین ولد خواجہ معین الدین  عمر 11 سال، ان کے پوترے محمد علی عمر 5 سال کا انتقال ہوگیا۔

حادثہ میں  مرحوم کی دختر عائشہ آفرین 35 سال، اور نواسی اقرا آفرین عمر 4 سال زخمی ہوگئیں۔

اس حادثہ کے متعلق رشتہ داروں نے بتایا کہ مرحوم سید معیز الدین صاحب کے بڑے نواسہ ضلع نرمل کے بھینسہ شہر میں واقع ایک دارالعلوم میں شعبہ حفظ میں زیر تعلیم تھے اور  آج دستاربندی کی تقریب میں شرکت کے بعد یہ تمام لوگ بذریعہ کار بھینسہ سے عادل آباد واپس آرہے تھے کہ عادل آباد سے تقریبا 13 کلو میٹر دوری پر یہ حادثہ پیش آیا۔

آیا حادثہ کار کے الٹنے یا کسی گاڑی کے ٹکر مارنے سے پیش آیا، اس کی تصدیق ہنوز باقی ہے تاہم گڑی ہتنور پولیس نے اس خصوص میں شکایت درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

قبل ازیں رات دیر گئے اس اندوہناک حادثہ کی اطلاع عام ہوتے ہی شہر کے علمائے اکرام، ملی تنظیموں کے ذمہ داران، سیاسی و سماجی تنظیموں کے قائدین نے رمس ہاسپٹل پہنچ کر نعشوں کی پوسٹ مارٹم روم  منتقلی اور زخمیوں کے بہتر علاج کے لئے کوششیں کیں۔

مرحوم عبدالمعیز انتہائی شریف النفس ‘وضع دار ‘ ملنسار ‘خوش مزاج اور خوش اخلاق شخصیت کے مالک تھے ۔وہ تبلیغی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ طویل عرصہ سے مرحوم جامع مسجد عادل آباد اور عیدگاہ و قبرستان کمیٹی عادل آباد کے صدر کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔

حادثہ میں کا شکار ہونے والے خواجہ معین الدین(زاہد) اور ان کے فرزندان۔


ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی حادثاتی موت پر مقامی مسلمانوں میں غم و اندوہ لہر دیکھی جارہی ہے۔

ادارہ ”اپنا وطن نیوز “ مرحوم کے افراد خاندان کے رنج و غم میں برابر کا شریک ہے ۔ اللہ رب العزت سے دعا گو ہے کہ وہ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاءکرے اور لواحقین کو صبر و تحمل کی تلقین دے ۔