عادل آباد کی ڈائمنڈ ٹراویلس بس کاماریڈی کے قریب حادثہ کا شکار، نوجوان کی موت

عادل آباد : 25/جون (اپنا وطن نیوز)

کاماریڈی ضلع مستقر کے حدود میں واقع کیاسم پلی موضع کے قریب آج صبح (منگل) قومی شاہراہ 44 پر پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک نوجوان کی موت واقع ہوگئی۔

ابتدائی طور پر موصولہ تفصیلات کے مطابق عادل آباد مستقر پر قائم ڈائمنڈ ٹراویلس کی بس عادل آباد سے حیدر آباد کے لئے روانہ ہوئی تھی کہ آج صبح کاماریڈی کے قریب شاہراہ پر کھڑی ہوئی لاری سے جا ٹکرائی۔

حادثہ کے نتیجہ میں مستقر عادل آباد کے 25 سالہ نوجوان افسر خان ولد شبیر خان ساکن محلہ امبیڈکر نگر کی برسر موقع موت واقع ہوگئی جبکہ بس میں سوار دیگر 28 مسافرین زخمی بتائے جارہے ہیں۔

2 شدید زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

متوفی نوجوان حیدر آباد میں زیر علاج اپنے بھتیجے کے آج ہونے والے آپریشن کے ضمن میں حیدر آباد روانہ ہورہا تھا اور بس میں سیٹ نہ ملنے کے باعث وہ ڈرائیور کے کیبن میں پائی جانے والی سیٹ پر سفر کررہا تھا کہ حادثہ پیش آیا۔

حادثہ کے فوری بعد پولیس نے مقامی رہائشیوں کی مدد سے زخمیوں کو کاماریڈی کے ضلع اسپتال منتقل کیا جہاں پر ان کا علاج جاری ہے۔

واضح ہو کہ ٹھیک ایک ماہ قبل عادل آباد کی ہی مسکان ٹراویلس کی خانگی بس نرمل کے قریب حادثہ کا شکار ہوگئی تھی اور اس میں ایک نوجوان لڑکی کی موت واقع ہوگئی تھی ۔

ایک ماہ بعد پھر سے عادل آباد کی ہی ڈائمنڈ ٹراویلس کی بس کا حادثہ عوام میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔