عادل آباد : حفظ قرآن مجید کی تکمیل پر شیخ شہزاد کی تہنیت

عادل آباد : 10 ؍ اگست (اپنا وطن نیوز)

ضلع مستقر عادل آباد کے دارالعلوم محمدیہ بھکتا پور عادل آباد میں زیر تعلیم  شعبہ حفظ کے طالب علم شیخ شہزاد ولد شیخ سعد اللہ صاحب ( عادل آباد) کے حفظ قرآن کریم کی تکمیل پر ایک تہنیتی اجلاس و دعائیہ نشست منعقد کی گئی ۔

اس نشست میں ذمہ داران مدرسہ محمد سیٹھ (صدر)، مولانا شیخ احمد رمضانی (صدر مدرس) کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین جن میں نائب صدر نشین بلدیہ ظہیر رمضانی، محمد مجاہد صدر رئیل اسٹیٹ ویلفیر اسوسی ایشن، سید ساجد الدین قائد بی آر ایس، شیخ نظیر احمد صدر مجلس ضلع عادل آباد، سراج قادری قائد مجلس عادل آباد کے علاوہ اساتذہ مولانا قمر، مولانا جیلانی صاحب قاسمی، حافظ و قاری سرتاج احمد اشاعتی، مولانا اکبر صاحب مظاہری، حافظ عبدالاحد، مولانا الیاس، حافظ سید جعفر و دیگر شریک تھے۔

قبل ازیں مولانا شیخ احمد رمضانی ،صدر مدرس مسجد ہذا نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے قرآن مجید کی عظمت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ اللہ کا کلام ہے جس میں ہماری دنیوی سعادت و اخروی نجات مضمر ہے ۔

انھوں نے اپنے خطاب میں مزید فرمایا کہ علم دین سیکھنے والے اورسکھانے والے روئے زمین کے سب سے اچھے اور بہترین لوگ ہیں ۔

جیسے دینی علم پڑھنے والے اور پڑھانے والے اور اسکا اہتمام و انتظام سنبھالنے والے اور اس کاروان علم کو مالی تعاون پیش کرنے والے یہ سب کے سب بہترین لوگ ہیں۔

بعد ازاں تمام مہمانان گرامی نے اپنے اپنے تاثرات پیش کئے اور ذمہ داران مدرسہ کے ساتھ طالب علم شیخ شہزاد اور ان کے  استاذ حافظ و قاری سرتاج احمد اشاعتی اور والد گرامی شیخ سعد اللہ ودیگر ذمہ داران  کی بکثرت گلپوشی کی گئی اور انھیں  مبارکباد پیش کی ۔