آصف آباد کے نوجوان شیوکمار نے گروپ 4 امتحان میں ریاستی سطح پر پہلا رینک حاصل کیا

آصف آباد : 11 /فروری ( اپنا وطن نیوز)

تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے دو روز قبل جاری کئے گئے گروپ 4 نتائج میں کمرم بھیم آصف آباد ضلع مستقر کے نوجوان سری رام شیو کرشنا نے ریاستی سطح پر پہلا رینک حاصل کیا۔

جاری کئے گئے نتائج میں انھیں جملہ نشانات 300 میں سے 220.458 نشانات حاصل ہوئے جس کے بعد انھیں ریاستی سطح پر پہلا رینک حاصل ہوا۔

تفصیلات کے مطابق آصف آباد کے محلہ کنچو کوٹہ کے رہائشی ستیہ نارائنا کے فرزند شیو کمار نے باسر ٹریپل آئی ٹی سے بی۔ٹیک کی ڈگری حاصل کی تھی اور بعد ازاں ایک خانگی کمپنی میں ایک سال تک ملازمت کے بعد انھوں نے سرکاری ملازمت کو اپنا مقصد بنایا تھا۔

وہ مسلسل مسابقتی امتحانات کی تیاری کررہے تھے، گروپ 1 امتحان میں بھی انھوں نے امتحان تحریر کیا تھا تاہم امتحان کو ملتوی کرنے کے باعث انھیں ملازمت نہیں مل پائی، تاہم انھوں نے سنگارینی کالریز کی جانب سے منعقدہ امتحان میں شرکت کی اور سرکاری ملازمت حاصل کرلی۔

فی الحال مذکورہ نوجوان سنگارینی کالریز میں خدمات انجام دے رہا ہے۔

ریاستی پر پہلا رینک حاصل کرنے پر شیوکمار نے بتایا کہ ان کا خواب گروپ 1 امتحان کے ذریعہ ملازمت کا حصول ہے اور وہ اس کی تیاری ابھی بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔