ریاپڈ ایکشن فورس تعینات، انٹرنیٹ سرویس مسدود، دونوں طبقات کی دکانات کو پہنچا نقصان
عادل آباد : 5/ستمبر (اپنا وطن نیوز)
ضلع آصف آباد کے جینور منڈل مستقر پر کل پھوٹ پڑنے والے تشدد کے بعد آج حالات پُر امن ہیں۔ کل رات سے کسی نا خوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ہے۔
حالات پر قابو پانے کے لئے علاقہ میں 144 سیکشن نافذ کردیا گیا ہے، ایک ہزار سے زائد پولیس عملہ کی خدمات حاصل کرتے ہوئے شہر کو پولیس چھاؤنی میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ ریاپڈ ایکشن فورس کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔
حالات پر قابو پانے کے لئے بیرونی افراد یا سیاسی قائدین کا فساد سے متاثرہ علاقہ میں داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے اور پولیس جگہ جگہ چیک پوسٹ قائم کرتے ہوئے سیاسی قائدین کو جینور جانے سے روک رہی ہے۔
مجلس بچاؤ تحریک حیدر آباد کے قائد امجد اللہ خان جو کہ فساد متاثرہ جینور کا دورہ کرتے ہوئے شرپسندوں کی جانب سے مساجد کو پہنچائے گئے نقصان کاجائزہ لینا چاہ رہے تھے کو آج پولیس نے اوٹنور چیک پوسٹ پر روک دیا جس کے بعد انھیں واپس لوٹنا پڑا۔
Amjed Ullah Khan (MBT) stopped at Utnoor X Road in Adilabad not being allowed to go to Jainoor Town of Komaram Bheem Asifabad District. pic.twitter.com/Tdt2o81PH8
— Amjed Ullah Khan MBT (@amjedmbt) September 5, 2024
واضح ہو کہ کل قبائیلی طبقہ کے مشتعل ہجوم نے جینور کی مساجد میں گھس کر تباہی مچائی تھی نیز مسلمانوں کی املاک و گھروں پر حملہ کرتے ہوئے انھیں نقصان پہنچایا تھا۔
مقامی عوام کے مطابق بازار ایریا میں قائم مسلمانوں کی 90 فیصد دکانوں میں آتشزدگی اور توڑ پھوڑ کے ذریعہ نقصان پہنچایا گیا ۔ جوابی کاروائی میں اقلیتی طبقہ کے مشتعل نوجوانوں نے مخالفین کی دکانات میں توڑ پھوڑ کی اور کئی دکانات کو نقصان پہنچایا۔

