جائیداد کی منتقلی کے لئے 8 ہزار روپئے رشوت کا مطالبہ

دفتر سب رجسٹرار نرمل کا جونئیر اسسٹنٹ رشوت قبول کرتے ہوئے گرفتار

نرمل : 4/نومبر(اپنا وطن نیوز)

اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداران نے آج نرمل سب رجسٹرار دفتر میں دھاوا کرتے ہوئے جونئیر اسسٹنٹ مسٹر ارون اور آفس سب آرڈنیٹ راجو کو رشوت قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑلیا۔

تفصیلات کے مطابق نرساپور منڈل کے موضع چاک پلی کے متوطن سید کلیم اپنے والد کے نام پر موجود مکان کو اپنے نام پر گفٹ رجسٹری کروانے کی غرض سے 2/نومبر کو نرمل میں واقع دفتر سب رجسٹرار سے رجوع ہوئے تھے۔


 


اسی دفتر کے جونئیر اسسٹنٹ مسٹر ارون نے جائیداد کی منتقلی کے لئے ان سے 8 ہزار روپئے رشوت کا مطالبہ کیا۔ درخواست گزار سید کلیم نے اس کی شکایت محکمہ انسداد رشوت ستانی (اے سی بی) کے عہدیداران سے کی۔

بعد ازاں آج جب سید کلیم 8 ہزار روپئے رشوت کی رقم لئے ہوئے دفتر سب رجسٹرار پہنچے تب جونئیر اسسٹنٹ مسٹر ارون نے انھیں یہ رقم اسی دفتر کے آفس سب آرڈنیٹ راجو کے پاس پہنچانے کے لئے کہا۔

شکایت کنندہ نے جیسے ہی رقم آفس سب آرڈنیٹ کے پاس پہنچائی، اے سی بی کے عہدیداران نے چھاپہ مارتے ہوئے آفس سب آرڈنیٹ کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

عہدیداران نے اس خصوص میں ایک شکایت درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔