حیدر آباد : 5/مارچ (سرفراز نیوز ایجنسی)
تلنگانہ اسٹیٹ اُردو اکیڈیمی کے چیرمین کی حیثیت سے طاہر بن حمدان نے آج اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق حج ہاؤز کی عمارت میں واقع اردو اکیڈیمی کے دفتر میں آج، طاہر بن حمدان نے دیگر کارپوریشنوں کے صدور نشین و عہدیداران کی موجودگی میں اپنے عہدہ کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر انھوں نے میڈیا نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اردو اکیڈیمی کی اسکیمات پر موثر طریقہ سے عمل آوری کے لئے اپنی جانب سے حتی المقدور کوشش کریں گے، نیز ریاست تلنگانہ میں اردو زبان کی ترقی و ترویج کے لئے بھی کوشش کریں گے۔
انھوں نے چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی، ریاستی وزرا، بالخصوص حکومتی مشیر محمد علی شبیر، ایم ایل سی مہیش کمار گوڑ، رکن اسمبلی بودھن سدرشن ریڈی سے ان کی نامزدگی پر اظہار تشکر کیا۔
کانگریس سے اپنی دیرینہ وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پارٹی کی بے لوث خدمت کا انھیں صلہ ملا ہے لہذا وہ اردو اور اردو جاننے والوں کی مزید خدمت کو اپنا شعار بنائیں گے۔
صدر نشین اردو اکیڈیمی نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے 6 ضمانتوں پر عمل در آمد ہے۔ ان اسکیمات کو اہل افراد کی دہلیز تک لے جانے اور ان کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی مکمل سعی کی جائے گی۔
جائزہ حاصل کرنے کے موقع پر صدر نشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی، صدر نشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن عبید اللہ کوتوال، ڈائریکٹر/سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی شیخ لیاقت حسین کے علاوہ کانگریس قائدین سید نجیب علی ایڈوکیٹ، اردو اکیڈیمی کا عملہ و دیگر موجود تھے۔

