جاریہ سال کے اختتام سے قبل 2 لاکھ ملازمتوں پر تقررات عمل میں لانے ریونت ریڈی کا ایک بار پھراعلان
حیدر آباد : 31/جنوری (ایجنسیز)
چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر ریونت ریڈی نے آج 6956 اسٹاف نرسوں کی جائیدادوں پر کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں میں تقرر نامے حوالے کئے۔
حیدر آباد کے لال بہادر اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی چیف منسٹر نے شرکت کی اور اسٹاف نرسیس کی حیثیت سے کامیابی حاصل کرنے پر نوجوانوں کو مبارکباد دی۔
اس موقع پر انھوں نے جلسہ عام کو مخاطب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اواخر ڈسمبر تک 2 لاکھ سرکاری ملازمتوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔
Watch Live: Hon'ble CM Sri @Revanth_Anumula speaking after handing over appointment letters to the newly recruited Staff Nurses. https://t.co/yeK7eLb553
— Telangana CMO (@TelanganaCMO) January 31, 2024
جبکہ محکمہ پولیس میں تقرر طلب 15 ہزار جائیدادوں پر بھی عنقریب بھرتیاں کی جائیں گی۔
انھوں نے ریاست تلنگانہ کو صحتمند ریاست میں تبدیل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے نو تقرر شدہ اسٹاف نرسوں سے اپیل کی کہ وہ مشکل حالات میں ان سے رجوع ہونے والے مریضوں کی بہتر تشخیص کریں ۔
انھوں نے اس موقع پر سابقہ حکومت پر طنز کستے ہوئے کہا کہ کے سی آر نے ہمیشہ اپنے خاندان کی بہبود اور انھیں سیاسی عہدے دینے کی فکر کی ہے۔

سابقہ عام انتخابات میں نظام آباد پارلیمنٹ کی نشست سے جیسے ہی کلوا کنٹلہ کویتا کو شکست فاش ہوئی کے سی آر نے انھیں ایم ایل سی کی نشست سے سرفراز کردیا۔
اپنے خاندانی افراد کو سیاسی فوائد پہنچانے کے بجائے کے سی آر اگر تلنگانہ کے بیروزگار نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کی فراہمی میں دلچسپی دکھاتے تب کئی غریب خاندانوں میں مسرت دکھائی دیتی۔
انھوں نے کہا کہ ریاست میں بیروزگاری اور سرکاری ملازمتوں کی فراہمی میں نا انصافی ہی دراصل علحدہ ریاست تلنگانہ تحریک کی اصل بنیاد ہے۔ لہذا موجودہ حکومت بیروزگاروں کو روزگار کی فراہمی کے لئے کمربستہ ہے اور اس کے لئے ریاستی وزرا روزانہ 16 تا 18 گھنٹے کام کررہے ہیں۔
اس موقع پر اسپیکر ریاستی اسمبلی گڈم پرساد کمار، نائب وزیر اعلیٰ بھٹی وکرمارکا، ریاستی وزرا دامودھر راج نرسمہا، پونم پربھاکر، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، کنڈا سریکھا کے علاوہ حکومتی مشیر محمد علی شبیر، چیف سکریٹری شانتی کماری و دیگر موجود تھے۔

