چھوٹے کاروبار کے لئے 50 ہزار روپئے مالی امداد اور سلائی مشینوں کے لئے درخواستوں کا 13/ڈسمبر سے ہوگا آغاز
چیرمین میناریٹی فینانس کارپوریشن محمد عبید اللہ کوتوال کی پریس کانفرنس
حیدرآباد: 10/ڈسمبر (اپنا وطن نیوز)
تلنگانہ میناریٹی فینانس کارپوریشن (TGMFC) نے اقلیتی طبقہ کی غریب خواتین کو با اختیار بنانے کے مقصد کے تحت 3 نئی اسکیمات کا اعلان کیا ہے۔
چیرمین میناریٹی فینانس کارپوریشن محمد عبید اللہ کوتوال نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعہ ان اسکیمات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حکومت تلنگانہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں ہے اور اسی کڑی کے طور پر 33.64 کروڑ روپیوں کے تخمینہ سے 3 نئی اسکیمات کی منظوری عمل میں لائی گئی ہے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ ان اسکیمات کے لئے 13 ڈسمبر تا 31 ڈسمبر درخواستیں آن لائن طرز پر وصول کی جائیں گی لہذا خواہشمند و ضرورتمند خواتین ان اسکیمات سے استفادہ کے لئے درخواستیں داخل کریں۔
1۔اندرما میناریٹی مہیلا یوجنا
اس اسکیم کے تحت پہلے مرحلہ میں ریاست بھر سے 5 ہزار خواتین کو منتخب کیا جائے گا اور انھیں چھوٹے کاروباری یونٹس قائم کرنے کے لئے 100 فیصد سبسیڈی پر 50,000 روپیوں کی امداد منظور وفراہم کی جائے گی۔
2۔اندرما مہیلا شکتی اسکیم
حکومت نے ٹریننگ، ایمپلائمنٹ اینڈ پلیسمنٹ اسکیم کے تحت ’اندرما مہیلا شکتی‘ اسکیم کے ذریعے 10,490 مفت گھریلو سلائی مشینیں فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
ان دونوں ہی اسکیموں کے لئے اہل خواتین سے آن لائن درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ درخواستیں 13 دسمبر سے داخل کی جا سکتی ہیں۔ ادخال درخواست فارم کی آخری تاریخ 31 ڈسمبر مقرر کی گئی ہے۔ درخواستیں https://tgobmms.cgg.gov.in نامی ویب سائٹ کے ذریعہ داخل کی جانی چاہئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ آن لائن درخواست داخل کرنے کے بعد، درخواست کی ایک کاپی اور ضروری دستاویزات متعلقہ اضلاع کے دفتر اقلیتی بہبود میں جمع کرائے جائیں۔
اس کے علاوہ حکومت حیدرآباد، رنگاریڈی اور میڈچل اضلاع میں موسیٰ ندی کے کنارے رہائشی علاقوں کے متاثر 138 اقلیتی خاندانوں کو خصوصی ذریعہ معاش پراجکٹ کے تحت 2 لاکھ روپئے (100 فیصد سبسیڈی پر) فراہم کرکے متاثرہ غریب خاندانوں کو پائیدار ذریعہ معاش کے مواقع فراہم کرنے کا بھی منصوبہ رکھتی ہے۔
پریس کانفرنس میں صدر نشین تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان، اڈیشنل ڈائریکٹر محکمہ اقلیتی بہبود مسٹر چاند پاشاہ بھی موجود تھے۔

